موگا
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) پنجاب میں 2027 کے اسمبلی انتخابات میں حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں منشیات کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے ختم کرنے کی صلاحیت صرف بی جے پی حکومت کے پاس ہے۔
موگا میں بی جے پی کی "بدلاؤ ریلی" سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ موجودہ سیاسی قیادت کے تحت پنجاب کو کئی سنگین مسائل کا سامنا ہے، جن میں منشیات کا پھیلاؤ، گینگسٹر سرگرمیاں، بدعنوانی اور بڑھتا ہوا قرض شامل ہیں۔
انہوں نے کہا كہ ہم پنجاب میں 2027 کے انتخابات حکومت بنانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔ صرف بی جے پی کی حکومت ہی پنجاب کو منشیات سے پاک بنا سکتی ہے۔ گینگسٹرز کے خوف، قرضوں، مذہبی تبدیلیوں اور بدعنوانی کی وجہ سے پنجاب کا نظام بکھر چکا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور عام آدمی پارٹی کی قیادت پر بھی تنقید کی اور الزام لگایا کہ ریاستی حکومت دہلی کے رہنماؤں کے اثر و رسوخ میں چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا كہ عام آدمی پارٹی تبدیلی کے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی۔ میں اس کے رہنماؤں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کے وزیر اعلیٰ آخر کر کیا رہے ہیں؟ پورے ملک میں جہاں بھی کیجریوال کو جانا ہوتا ہے، یہ وزیر اعلیٰ پنجاب حکومت کے خرچ پر چارٹرڈ طیارہ کر کے انہیں وہاں لے جانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔امت شاہ نے مزید الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی کی قیادت پنجاب کے وسائل کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا كہ اس ریاست کے وزیر اعلیٰ کو شرم سے سر جھکا لینا چاہیے۔ دہلی سے چار 'صوبیدار' یہاں آئے ہیں اور وہ پنجاب کی دولت لوٹ کر دوبارہ دہلی بھیج رہے ہیں۔
اپنے خطاب کے دوران امت شاہ نے سکھوں کے نویں گرو گرو تیغ بہادر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے ان کی قربانی کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا كہ گرو تیغ بہادر جی نے کشمیری پنڈتوں کو مغلوں سے بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی تھی۔ اگر گرو تیغ بہادر جی نہ ہوتے تو ایک بھی ہندو باقی نہ بچتا۔
واضح رہے کہ 2022 کے پنجاب اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے بھاری اکثریت حاصل کرتے ہوئے 117 میں سے 92 نشستیں جیتی تھیں۔ کانگریس کو 18 نشستیں ملیں، جبکہ شرومنی اکالی دل تین نشستیں جیت سکا اور بی جے پی کو دو نشستیں حاصل ہوئیں۔