بی جے پی ترنگا یاترا نکالے گی

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-05-2025
بی جے پی ترنگا یاترا نکالے گی
بی جے پی ترنگا یاترا نکالے گی

 



بنگلورو: ہندوستان میں قومی اتحاد اور حب الوطنی کے مظاہرے کے طور پر، بی جے پی رہنما سی این اشوتھ نارائن نے اعلان کیا ہے کہ 15 مئی کو بنگلورو میں ایک ترنگا یاترا کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ یاترا ‘آپریشن سندور’ کی کامیابی کے بعد افواج کے اعزاز میں نکالی جا رہی ہے، جس کا مقصد مسلح افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی قربانیوں پر شکرگزاری کا اظہار کرنا ہے۔

منگل کے روز اے این آئی سے بات کرتے ہوئے اشوتھ نارائن نے کہا: "ہم 15 مئی کو بنگلورو میں ترنگا یاترا نکالیں گے۔ ہم بنگلورو کے تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس یاترا میں شامل ہوں اور ہمارے سپاہیوں کا شکریہ ادا کریں جنہوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے آپریشن سندور کے دوران ہندوستانی افواج کی برق رفتاری اور طاقتور کارروائیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ پہلگام حملے کے بعد، ہم اپنی یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتے تھے۔ ہم اپنے سپاہیوں کی قدر کرنا چاہتے تھے... جنہوں نے پاکستان کے ایئر بیس اور دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔

یہ ہندوستان کی طاقت کا سب سے بڑا مظاہرہ ہے کہ آج ہماری جدید جنگی صلاحیت دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے برابر ہے۔ انہوں نے مزید کہا: ہم دہشت گردی اور ان کے حامیوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ اسی لیے پاکستان نے مکمل طور پر جھک کر 'آپریشن سندور' کو نہ بڑھانے کی اپیل کی۔ ذرائع کے مطابق، بی جے پی 13 مئی سے 23 مئی تک پورے ملک میں ترنگا یاترا مہم چلائے گی۔

اس مہم کو منظم کرنے میں سینئر بی جے پی رہنما سمبت پاترا، جنرل سیکرٹری ونود تاؤڑے، اور ترون چُگھ شامل ہوں گے۔ مرکزی وزراء، بی جے پی کے زیر حکومت ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، اور دیگر سینئر لیڈر مختلف ریاستوں میں ان جلوسوں کی قیادت کریں گے۔ اس مہم میں سابق فوجی افسران، سماجی کارکنان، اور اہم عوامی شخصیات بھی شامل ہوں گی۔

ترنگا یاترا کے دوران، بی جے پی عوام کو ‘آپریشن سندور’ کی اہمیت، ہندوستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں اس کے کردار کے بارے میں آگاہ کرے گی۔ پارٹی ملک بھر میں پریس کانفرنسز کا انعقاد کرے گی اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی مدد سے اس پیغام کو وسیع پیمانے پر پھیلائے گی۔ آپریشن سندور کا آغاز 7 مئی کو کیا گیا تھا، جس کا مقصد پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر میں موجود متعدد دہشت گرد ٹھکانوں پر جوابی حملے کرنا تھا۔ یہ کارروائی 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے ایک ہولناک دہشت گرد حملے کے ردِعمل میں کی گئی تھی، جس میں 26 سیاح شہید ہو گئے تھے۔