نئی دہلی
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر ارجنڈ کیجریوال نے جمعہ کو پارٹی میں دراڑ کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مرکزی حکمراں جماعت نے ایک بار پھر پنجابیوں کے ساتھ "دھوکہ" کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک مختصر پیغام میں کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی نے ایک بار پھر پنجابیوں کے ساتھ دھکا کیا ہے۔
عام آدمی پارٹی کے لیے ایک بڑے جھٹکے کے طور پر، پارٹی کے تین راجیہ سبھا اراکین راگھو چڈھا، سندیپ پاٹھک اور اشوک مِتّل نے جمعہ کو پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ راجیہ سبھا میں پارٹی کے دو تہائی اراکین نے بی جے پی میں ضم ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں راگھو چڈھا نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم، جو راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے دو تہائی اراکین ہیں، آئینِ ہند کی دفعات کے تحت خود کو بی جے پی میں ضم کر رہے ہیں۔سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے کل 10 اراکین ہیں، جن میں سے 7 نے پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل 10 اراکین میں سے دو تہائی سے زیادہ ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دستخط کیے ہیں اور ہم نے آج صبح یہ دستاویزات راجیہ سبھا کے چیئرمین کو جمع کرا دی ہیں۔ ہمارے علاوہ ہربھجن سنگھ، راجندر گپتا، وکرم جیت سنگھ سہنی اور سواتی مالیوال بھی شامل ہیں۔
راگھو چڈھا نے کہا کہ یہ فیصلہ اس وجہ سے لیا گیا کیونکہ عام آدمی پارٹی اپنی "بنیادی نظریات" سے ہٹ چکی ہے اور اب ذاتی مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کو میں نے اپنی محنت اور جوانی کے 15 سال دیے، وہ اپنے اصولوں اور اقدار سے بھٹک چکی ہے۔ اب یہ پارٹی قوم کے مفاد کے بجائے ذاتی فائدے کے لیے کام کر رہی ہے۔ مجھے محسوس ہوا کہ میں صحیح آدمی ہوں لیکن غلط پارٹی میں ہوں، اس لیے آج میں خود کو اے اے پی سے الگ کر رہا ہوں اور عوام کے قریب آ رہا ہوں۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب چند دن قبل پارٹی نے چڈھا کو راجیہ سبھا میں ڈپٹی لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔اس فیصلے کے بعد پارٹی کے کئی رہنماؤں نے چڈھا پر تنقید کی اور ان پر بی جے پی کے تئیں نرم رویہ رکھنے کا الزام لگایا۔چڈھا نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے "منظم حملہ" قرار دیا اور کہا کہ وہ پارلیمنٹ سے واک آؤٹ نہ کرنے یا چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مواخذے کی تحریک پر دستخط نہ کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میرے خلاف ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔ ایک ہی زبان، ایک جیسے الفاظ اور ایک جیسے الزامات—یہ کوئی اتفاق نہیں بلکہ مربوط حملہ ہے۔ پہلے میں نے سوچا جواب نہ دوں، مگر بار بار جھوٹ دہرایا جائے تو لوگ اسے سچ مان لیتے ہیں، اس لیے میں نے جواب دینے کا فیصلہ کیا۔