بیر بھوم تشدد: ممتا کی متاثرین سے ملاقات ، معاوضے کا اعلان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-03-2022
بیر بھوم تشدد: ممتا نے کی متاثرین سے ملاقات ، معاوضے کا کیا اعلان
بیر بھوم تشدد: ممتا نے کی متاثرین سے ملاقات ، معاوضے کا کیا اعلان

 

 

آواز دی وائس،کولکاتہ

ریاست مغربی بنگال کے ضلع بیربھوم میں تشدد کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو متاثرین کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ممتا بنرجی نے ان خاندانوں کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔  

ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد متاثرہ خاندانوں نے قصورواروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ممتا بنرجی کے ساتھ بیر بھوم ضلع اور ریاستی حکومت کے تمام افسران نے بھی تشدد کا شکار ہونے والے خاندانوں سے ملاقات کی ہے۔

منگل کی صبح بیر بھوم ضلع کے بوگتوئی گاؤں میں مبینہ طور پر ایک درجن مکانات کو نذر آتش کیا گیا تھا، جس میں بعد دو بچوں سمیت کل آٹھ افراد جل کر ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ پیر کو ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) پنچایت سطح کے لیڈر بھادو شیخ کے مبینہ قتل کے چند گھنٹوں کے اندر پیش آیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس تشدد کے لیے ریاست کی حکمراں ترنمول کانگریس کے حمایت یافتہ غنڈوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ بیر بھوم ضلع میں تشدد پھیلانے والوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی، چاہے وہ کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں۔

 جب وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا تو ان کی آنکھوں سےآنسو چھلک رہے تھے۔ وہیں ممتا نے روتے ہوئےشخص کو پانی پلایا اوراس کے آنسو پونچھے۔ ممتا نے تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کا چیک  بھی دیا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آگ میں خاکستر ہونے والے مکانات کی بہتری کے لیے 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ ہلاک ہونے والے 10 افراد کے لواحقین کو نوکریاں دی جائیں گی۔

ممتا نے کہا کہ مجھے کوئی ایسا بہانہ نہیں چاہیے کہ مجرم بھاگ جائیں۔ میں چاہتی ہوں کہ قصورواروں کو گرفتار کیا جائے، نیز مجرم پولیس اہلکاروں کو سزا دی جائے۔ گواہوں کو پولیس تحفظ فراہم کیا جائے۔