نئی دہلی
بہار کے پٹنہ ضلع میں 14 مئی کی شام مختلف شہری علاقوں میں 15 منٹ کی ’سول ڈیفنس بلیک آؤٹ اینڈ ایئر ریڈ ماک ڈرل‘ منعقد کی جائے گی۔ حکام نے بدھ کے روز یہ جانکاری دی۔حکام کے مطابق یہ مشق شام سات بجے سے سات بج کر پندرہ منٹ تک پٹنہ میونسپل کارپوریشن علاقے، داناپور نظامت، کھگول اور پھلواری شریف میں کی جائے گی۔
پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ پہلے سے طے شدہ مشق مرکزی اور ریاستی حکومت کی ہدایات پر کی جا رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشق کا مقصد فضائی حملے جیسی ہنگامی صورتحال کے دوران انتظامیہ، راحت رسانی ایجنسیوں اور شہری دفاعی نظام کی تیاری اور باہمی تال میل کی صلاحیت کا جائزہ لینا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی طرح کا حقیقی خطرہ موجود نہیں ہے اور لوگوں کو افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مشق کے دوران جیسے ہی سائرن بجے گا، لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں، دکانوں اور دیگر اداروں کی تمام روشنیاں بند رکھیں۔