پٹنہ :جنتا دل (یونائیٹڈ) کے سربراہ نتیش کمار جمعرات کو ریکارڈ دسویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔حلف برداری کی تقریب پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں ہوگی، جہاں ان کی 2005، 2010 اور 2015 کی تقاریب بھی منعقد ہو چکی ہیں۔ اسی مقام پر 1974 میں جے پرکاش نرائن نے اپنے مشہور خطاب میں ’’ٹوٹل ریوولوشن‘‘ کی اپیل کی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور این ڈی اے کے کئی بڑے رہنما تقریب میں شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم نے 2020 کی حلف برداری میں شرکت نہیں کی تھی۔
این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی آمد بھی متوقع ہے۔
نتیش کمار کو کل ان کے سرکاری رہائش گاہ پر نو منتخب ایم ایل ایز کے اجلاس میں جے ڈی یو کی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ اس کے علاوہ وہ این ڈی اے لیجسلیچر پارٹی کے بھی متفقہ لیڈر چنے گئے، جس کے بعد آج ان کی قیادت میں نئی حکومت بنے گی۔
بی جے پی کی لیجسلیچر پارٹی میں سمرات چودھری کو لیڈر اور وجے کمار سنہا کو ڈپٹی لیڈر منتخب کیا گیا۔اتر پردیش کے ڈپٹی سی ایم کیشر پرساد موریہ، جو اس انتخاب کے لیے مرکزی مبصر مقرر تھے، نے ان دونوں ناموں کی تجویز پیش کی، جسے ایم ایل ایز نے حمایت دی۔
2025 کے بہار اسمبلی انتخابات نتیش کمار کے لیے ایک بڑا امتحان سمجھے جا رہے تھے، لیکن انہوں نے پچھلے 20 برسوں کی طرح اس بار بھی بہار کی سیاست کو اپنی سمت میں موڑ لیا۔74 سالہ نتیش کمار نومبر 2005 سے وزیر اعلیٰ ہیں، صرف 2014–15 کے دوران نو ماہ کا وقفہ رہا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ گزشتہ شام پٹنہ پہنچے، جہاں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور دیگر ریاستی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔
نتیش کمار نے این ڈی اے کی زبردست کامیابی کے بعد گورنر عارف محمد خان سے ملاقات کر کے وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دیا اور نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔
این ڈی اے نے 2025 کے انتخابات میں تاریخی جیت حاصل کی، 243 میں سے 202 نشستیں جیت کر۔
جبکہ مہاگٹھ بندھن صرف 35 نشستیں لے سکا۔ اس طرح این ڈی اے نے ایوان میں تین چوتھائی اکثریت حاصل کی۔ یہ دوسرا موقع ہے جب اتحاد نے 200 سے زیادہ نشستیں جیتی ہیں (2010 میں 206 نشستیں ملی تھیں)۔
این ڈی اے کی پارٹیوں کی کارکردگی:
بی جے پی: 89
جے ڈی یو: 85
لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس): 19
ہم (سیکولر): 5
راشٹریہ لوک مورچہ: 4
اپوزیشن کی کارکردگی:
آر جے ڈی: 25
کانگریس: 6
سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن: 2
انڈین انکلوسیو پارٹی: 1
سی پی آئی (ایم): 1
اے آئی ایم آئی ایم: 5
بی ایس پی: 1
انتخابات دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو ہوئے۔ اس بار 67.13 فیصد ووٹنگ ہوئی، جو 1951 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ خواتین نے 71.6 فیصد جبکہ مردوں نے 62.8 فیصد ووٹ ڈالے۔