پٹنہ
بہار حکومت نے ریاست میں وی آئی پیز کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنماؤں لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی کی اعلیٰ ترین درجے کی زیڈ پلس سکیورٹی واپس لے لی ہے۔
حکام کے مطابق آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کے بڑے بیٹے اور جن شکتی جنتا دل (جے جے ڈی) کے سربراہ تیج پرتاپ یادو کو دی گئی وائی درجے کی سکیورٹی بھی ختم کر دی گئی ہے۔جمعرات کی رات جاری کیے گئے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق سابق وزرائے اعلیٰ لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی کو اب بہار اسپیشل آرمڈ پولیس (بی ایس اے پی) کے ذریعے سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ یہ فیصلہ ریاست کے مختلف وی آئی پی افراد کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔نہوں نے کہا کہ زیڈ پلس سکیورٹی میں جدید اسلحے سے لیس تربیت یافتہ اہلکاروں کی ایک خصوصی ٹیم شامل ہوتی ہے۔
افسر کے مطابق آر جے ڈی کے دونوں سینئر رہنماؤں کے لیے موجودہ سکیورٹی انتظامات میں بی ایس اے پی کے دو سے آٹھ ہاؤس گارڈز، پٹنہ ضلعی فورس کے دو باڈی گارڈز، ایک پائلٹ گاڑی اور ایک بلٹ پروف گاڑی شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ بہار حکومت نے قائدِ حزب اختلاف تیجسوی یادو کو دی گئی وائی پلس سکیورٹی برقرار رکھی ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ لالو پرساد یادو کی بڑی بیٹی اور رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی، نیز تیجسوی یادو کی اہلیہ راج شری یادو کے لیے موجودہ سکیورٹی انتظامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور وہ بدستور جاری رہیں گے۔