بہار:نالندہ میں مندر میں بھگدڑ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-03-2026
بہار:نالندہ میں مندر میں بھگدڑ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی
بہار:نالندہ میں مندر میں بھگدڑ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

 



نالندہ: بہار کے ضلع نالندہ کے مگھدا گاؤں میں واقع شیتلا ماتا مندر میں پوجا کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک درجن سے زائد لوگ زخمی ہو گئے۔

زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ہر منگل کی طرح آج بھی مندر میں میلہ لگا ہوا تھا اور زیادہ بھیڑ ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

یہ مندر دیپن نگر تھانہ علاقے کے تحت آتا ہے۔ لاہری اور دیپن نگر تھانوں کے اہلکاروں کے ساتھ بہار شریف کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ بھی موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اطراف میں لگے میلے کی دکانوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں اب بھی افرا تفری کا ماحول ہے اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے نظر آئے جبکہ پولیس بھیڑ کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ موقع پر موجود عقیدت مندوں نے کہا کہ پولیس کی مناسب تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

مقامی شخص للت کمار نے بتایا کہ آج مہاویر جینتی اور منگل ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ بھیڑ تھی۔ بیریکیڈ ٹوٹ گئے اور اچانک بھگدڑ مچ گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہاں پولیس موجود نہیں تھی۔

ایک خاتون عقیدت مند رینا رائے نے کہا کہ یہاں قطار کا انتظام تھا لیکن کوئی بھی انتظار کرنے کو تیار نہیں تھا جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ یہ میلہ ہر منگل کو لگتا ہے اور یہ واقعہ انتظامیہ کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمرت چودھری نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

دریں اثنا صدر دروپدی مرمو آج بہار کے راجگیر پہنچنے والی ہیں جہاں وہ نالندہ یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔

مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔