کوچنگ انسٹی ٹیوٹ فائرنگ کیس: خان سر کو عدالت سے عبوری راحت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-06-2026
کوچنگ انسٹی ٹیوٹ فائرنگ کیس: خان سر کو عدالت سے عبوری راحت
کوچنگ انسٹی ٹیوٹ فائرنگ کیس: خان سر کو عدالت سے عبوری راحت

 



پٹنہ
بہار کی ایک عدالت نے ہفتہ کے روز معروف ماہرِ تعلیم فیصل خان، جو ’’خان سر‘‘ کے نام سے مشہور ہیں، کی پیشگی ضمانت (اینٹیسیپیٹری بیل) کی درخواست پر سماعت کے دوران انہیں عبوری راحت فراہم کی۔
عدالت نے اپنے ’’کوئی جبری کارروائی نہ کرنے‘‘ کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی کہ کوچنگ انسٹی ٹیوٹ فائرنگ کیس میں اگلی سماعت تک ان کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہ کی جائے۔
اس سے قبل پٹنہ پولیس نے 2 جون کو خان سر کے کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے باہر پیش آنے والے فائرنگ اور توڑ پھوڑ کے واقعے کے سلسلے میں فیصل خان اور دو دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔یہ ایف آئی آر اس واقعے کے چند روز بعد درج کی گئی جب ایک گروپ نے مبینہ طور پر خان گلوبل اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ میں توڑ پھوڑ کی اور ادارے پر پتھراؤ کیا تھا۔
حکام کے مطابق، ادارے سے وابستہ دو سیکیورٹی گارڈز کو ویڈیو شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔
شہر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سنٹرل)، پٹنہ کے دفتر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ واقعہ 2 جون کی رات تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جب کچھ افراد نے خان گلوبل اسٹڈیز کوچنگ سینٹر پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کی۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ واقعے کے بعد کیس نمبر 410/26 درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ تفتیش کے دوران ایک ویڈیو برآمد ہوئی جس میں دو افراد کو توڑ پھوڑ کے بعد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ویڈیو فوٹیج کی جانچ کے بعد پولیس نے ادارے سے وابستہ دو گارڈز کی شناخت کرکے انہیں حراست میں لے لیا۔ واقعے کی کڑیوں اور اسلحہ کی برآمدگی کی بنیاد پر پولیس نے خان سر اور دو دیگر افراد کے نام ایف آئی آر میں شامل کیے اور ان پر معاونتِ جرم  اور آرمز ایکٹ کی دفعات عائد کیں۔بعد ازاں اس واقعے کے پیشِ نظر پٹنہ پولیس نے طلبہ برادری سے اپیل بھی جاری کی اور انہیں مختلف کوچنگ مراکز کے درمیان پیشہ ورانہ رقابت یا مسابقت سے متاثر نہ ہونے کا مشورہ دیا۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ تمام طلبہ سے گزارش ہے کہ کوچنگ سینٹروں کے درمیان مقابلے کی فضا میں کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ جرائم پر قابو پانے اور قانون و نظم برقرار رکھنے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔