پٹنہ: بہار کا تاج کس کے سر پر ہوگا ؟ این ڈی اے یا مہا گٹھ بندھن؟ یا پھر کوئی تیسرا مار لے گا بازی ؟ ان تمام اندازوں اور قیاس ارائیوں کے ساتھ سیاسی دعووں کا ہو جائے گا جمعہ کو فیصلہ ،جب بہار میں جمعہ صبح 8 بجے ای وی ایم کے اسٹرانگ روم کھولے جائیں گے اور ریاست بھر کے 46 مراکز پر ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔
گنتی کے دوران تین سطحی سکیورٹی نظام نافذ کیا گیا ہے ۔ اندرونی حصے میں مرکزی سکیورٹی فورسز، بیرونی حصے میں ریاستی پولیس، 24 گھنٹے سی سی ٹی وی نگرانی اور داخلے پر سخت کنٹرول رکھا گیا ہے، جس کی نگرانی مبصرین اور مجسٹریٹس کریں گے۔ الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ نے پچھلے ایک ہفتے میں مشقیں، کیمرہ چیک، رسائی کے ریکارڈ اور ہجوم پر قابو پانے کے منصوبے آزمائے ہیں تاکہ 14 نومبر کو عمل پرسکون رہے۔
تین سطحی سکیورٹی نظام کیا ہے؟
پہلی سطح: اندرونی حصار (اسٹرانگ روم ہال) ۔ یہاں مرکزی مسلح پولیس فورس (CAPF) تعینات ہے۔ جہاں ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی مشینیں رکھی گئی ہیں وہ کمرا 24 گھنٹے مہر بند اور نگرانی میں رہتا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ مسلسل چلتی رہتی ہے۔ گنتی کے دن صبح یہ اسٹرانگ روم امیدواروں یا ان کے ایجنٹس اور الیکشن مبصر کی موجودگی میں ویڈیو ریکارڈنگ کے ساتھ کھولا جاتا ہے۔
دوسری سطح: درمیانی حصار (گنتی کی عمارت یا کیمپس) ۔ یہاں ریاستی مسلح پولیس تعینات ہوتی ہے۔ داخلے پر تلاشی، میٹل ڈٹیکٹرز اور پاس سسٹم لاگو کیا جاتا ہے۔ کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں جہاں پولیس اور مجسٹریٹس لائیو کیمرا فیڈز اور واقعات کی نگرانی کرتے ہیں۔
تیسری سطح: بیرونی حصار (عمارت کے اردگرد اور سڑکوں پر) ۔ یہاں ضلعی پولیس اور ہوم گارڈز ٹریفک کا رخ موڑنے، بیری کیڈنگ کرنے اور بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے ذمہ دار ہیں۔ بڑے شہروں میں گنتی مراکز کے آس پاس پارکنگ پر عارضی پابندیاں اور آمد و رفت محدود رکھی جائے گی۔
کنہیں اندر جانے کی اجازت ہوگی؟
صرف مجاز اہلکار، امیدوار یا ان کے ایجنٹس، مبصرین اور مجسٹریٹس ہی داخل ہو سکیں گے۔ ہر ایک کو شناختی پاس لازمی دکھانا ہوگا۔
پٹنہ کے لیے خصوصی انتظامات
پٹنہ میں گنتی کا مرکز اے۔ این۔ کالج رکھا گیا ہے، جو 14 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرتا ہے۔ صبح 5 بجے سے بورنگ روڈ، راجاپور پل، شیوبری اور اردگرد کی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی، صرف ایمرجنسی گاڑیاں گزر سکیں گی۔ پورے علاقے کو سکیورٹی حصار میں لے لیا گیا ہے اور صرف پاس رکھنے والے اہلکاروں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
نتائج کے بعد
نتائج کی تکمیل پر ریٹرننگ آفیسر فارم 20 اور جیت کا سرٹیفکیٹ موقع پر جاری کرے گا۔ اس کے بعد ای وی ایمز کو دوبارہ مہر بند کر کے 45 دن تک اسٹرانگ روم میں محفوظ رکھا جائے گا، جب کہ ڈیٹا چھ ماہ تک محفوظ رہے گا۔
سب سے کامیاب الیکشن
الیکشن کمیشن (ای سی آئی) نے جمعرات کو بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے "کامیاب" انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا، جس میں 67.13 فیصد کی تاریخی ووٹنگ ہوئی ۔ جو 1951 کے بعد ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔ کمیشن نے یہ بھی بتایا کہ بہار کے 38 اضلاع میں کہیں بھی دوبارہ پولنگ کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
ای سی آئی کے سرکاری بیان کے مطابق، 2,616 امیدواروں اور 12 تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں نے 6 اور 11 نومبر کو دو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لیا، اور کسی بھی حلقے میں دوبارہ پولنگ کی درخواست نہیں دی گئی۔
"بہار اسمبلی انتخابات 2025 میں صفر ری پول • 2,616 امیدواروں کی جانب سے کوئی ری پول کی درخواست نہیں • 12 تسلیم شدہ جماعتوں کی طرف سے کوئی ری پول کی درخواست نہیں آئی،" ای سی آئی نے اپنے بیان میں کہا۔مزید بتایا گیا کہ "ریاست میں 7,45,26,858 ووٹروں کے ساتھ ایس آئی آر کے دوران بھی کوئی اپیل درج نہیں ہوئی۔"
کمیشن نے ووٹوں کی گنتی کے لیے وسیع انتظامات کی تفصیل بھی بتائی، جو 14 نومبر کو ہوگی۔ گنتی 243 اسمبلی حلقوں میں کی جائے گی، جن کی نگرانی 243 ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) اور 243 کاؤنٹنگ آبزرورز کریں گے۔ اس کے علاوہ 4,372 کاؤنٹنگ ٹیبلز بنائی گئی ہیں جن پر نگران، معاون اور مائیکرو آبزرورز تعینات ہوں گے، جب کہ 18,000 سے زائد کاؤنٹنگ ایجنٹس پورے عمل کی نگرانی کریں گے۔
گنتی صبح 8 بجے پوسٹل بیلٹ سے شروع ہوگی، اس کے بعد 8:30 بجے ای وی ایم کی گنتی ہوگی۔ پوسٹل بیلٹ کی گنتی ای وی ایم کے آخری مرحلے سے پہلے مکمل کی جائے گی۔ای وی ایم گنتی کے دوران، ہر راؤنڈ میں کنٹرول یونٹ ٹیبل پر لائی جاتی ہے اور امیدواروں کے ایجنٹس کو دکھائی جاتی ہے تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ مہر سلامت ہے اور سیریل نمبر فارم 17C (پارٹ I) سے مطابقت رکھتے ہیں۔ اگر کہیں کوئی فرق پایا جائے تو متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے وی وی پی اے ٹی سلپس لازمی گنے جائیں گے۔
مزید یہ کہ ہر اسمبلی حلقے میں پانچ پولنگ اسٹیشنوں کا وی وی پی اے ٹی ویریفیکیشن کے لیے تصادفی طور پر انتخاب کیا جائے گا تاکہ مکمل درستگی یقینی بنائی جا سکے۔کمیشن نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف سرکاری ویب سائٹ سے مصدقہ نتائج دیکھیں اور کسی غیر سرکاری یا غیر مصدقہ ذرائع پر انحصار نہ کریں۔
"نتائج ہر راؤنڈ اور حلقہ وار بنیاد پر متعلقہ آر اوز کی جانب سے سرکاری ای سی آئی پورٹل https://results.eci.gov.in پر جاری کیے جائیں گے،" بیان میں کہا گیا۔
ٹی وی اور آن لائن میڈیا کو بھی یہی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف مصدقہ معلومات نشر کریں۔