سمراٹ چودھری نے مظفر پور آتشزدگی کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-06-2026
سمراٹ چودھری نے مظفر پور آتشزدگی کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا
سمراٹ چودھری نے مظفر پور آتشزدگی کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا

 



پٹنہ
 بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جمعرات کو مظفرپور کے ایک اسپتال میں لگنے والی ہولناک آگ میں جان گنوانے والے افراد کے اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تصدیق کی کہ ریاستی حکومت نے ہر متوفی کے اہل خانہ کو فوری طور پر 4 لاکھ روپے بطور امدادی رقم فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سمراٹ چودھری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ مظفرپور کے ایک نجی اسپتال میں آگ لگنے سے چار افراد کی جان جانا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی روحوں کو سکون عطا فرمائے اور اس مشکل وقت میں لواحقین کو صبر و حوصلہ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 4 لاکھ روپے کی فوری امدادی رقم دینے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق مقامی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے جبکہ زخمیوں کے علاج کے لیے ضلع کے اسپتالوں میں مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔
دریں اثنا، بہار کے ضلع مظفرپور میں واقع ایک اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ آج صبح ہنگامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے آگ پر قابو پا کر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔
مظفرپور کے ضلع مجسٹریٹ سبرت کمار سین کے مطابق اب تک تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ضلع مجسٹریٹ سبرت کمار سین نے کہا کہ مظفرپور کے پرساد اسپتال کے آئی سی یو میں لگنے والی شدید آگ کے باعث کئی لوگوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور کامیابی کے ساتھ آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ان کے مطابق ابتدائی رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ یہ افسوسناک حادثہ قومی دارالحکومت نئی دہلی کے مالویہ نگر علاقے میں ایک ہوٹل میں لگنے والی ہولناک آگ کے ایک دن بعد پیش آیا ہے، جس میں 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔