پٹنہ
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر نتن نبین نے جمعرات کو یہاں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں راجیہ سبھا کے لیے اپنا نامزدگی پرچہ داخل کیا۔
سال 2005 سے ریکارڈ 10 مرتبہ وزیر اعلیٰ رہنے والے نتیش کمار اور نتن نبین نے بہار اسمبلی کی سیکریٹری کھیاتی سنگھ کے کمرے میں اپنی نامزدگی داخل کی۔ اس موقع پر امیت شاہ کے علاوہ دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا کے ساتھ ریاستی حکومت کے کئی دیگر وزراء بھی موجود تھے۔
اس سے قبل دن میں نتیش کمار نے اعلان کیا تھا کہ وہ راجیہ سبھا کا انتخاب لڑیں گے، جس کے ساتھ ہی بہار کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعلیٰ رہنے کے ان کے دور کا اختتام ہو جائے گا۔
کمار نے کہا کہ ریاست میں جو نئی حکومت بنے گی اسے ان کا مکمل تعاون اور رہنمائی حاصل ہوگی۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا كہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک آپ نے مسلسل مجھ پر اعتماد اور حمایت برقرار رکھی۔ اسی اعتماد کی طاقت سے ہم نے بہار اور آپ سب کی پوری دیانت داری کے ساتھ خدمت کی ہے۔ آپ کے اعتماد اور حمایت کی بدولت آج بہار ترقی اور وقار کی نئی پہچان پیش کر رہا ہے۔
کمار نے کہا كہ پارلیمانی زندگی شروع کرنے کے وقت سے ہی میرے دل میں ایک خواہش تھی کہ میں بہار مقننہ کے دونوں ایوانوں کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ کے بھی دونوں ایوانوں کا رکن بنوں۔ اسی سلسلے میں اس بار ہونے والے انتخابات میں راجیہ سبھا کا رکن بننا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا كہ میں آپ کو پوری ایمانداری سے یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے ساتھ میرا یہ رشتہ مستقبل میں بھی قائم رہے گا اور آپ کے ساتھ مل کر ایک ترقی یافتہ بہار بنانے کا عزم پہلے کی طرح برقرار رہے گا۔ جو نئی حکومت بنے گی اسے میرا مکمل تعاون اور رہنمائی حاصل ہوگی۔
گزشتہ سال نومبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں برسر اقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو بھاری اکثریت دلانے کے بعد نتیش کمار کے عہدہ چھوڑنے کے ساتھ ہی یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا کوئی رہنما ریاست کا نیا وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے۔