بہار: 6 اور 11 نومبر کو دو مرحلوں میں ہوں گے اسمبلی انتخابات

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-10-2025
بہار: 6 اور 11 نومبر کو دو مرحلوں میں ہوں گے اسمبلی انتخابات
بہار: 6 اور 11 نومبر کو دو مرحلوں میں ہوں گے اسمبلی انتخابات

 



نئی دہلی / آواز دی وائس 
الیکشن کمیشن نے پیر کو بہار اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔ ریاست کی 243 اسمبلی نشستوں پر دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلا مرحلہ 6 نومبر کو اور دوسرا مرحلہ 11 نومبر کو ہوگا، جب کہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔
۔2015 اور 2020 کے انتخابات کا پس منظر
۔2015 کے انتخابات میں آر جے ڈی نے 80 نشستیں جیتیں اور 18.8 فیصد ووٹ حاصل کیے، جب کہ اس کے اتحادی کانگریس نے 27 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور 6.8 فیصد ووٹ شیئر پایا۔ جے ڈی یو نے، جو اس وقت مہاگٹھ بندھن کا حصہ تھی، 71 نشستیں 17.3 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ جیتیں۔ بی جے پی کو 53 نشستیں اور 25 فیصد ووٹ ملے۔ دیگر جماعتوں نے 8 نشستیں اور 22.5 فیصد ووٹ شیئر حاصل کیا۔
تاہم نتیش کمار نے 2017 میں آر جے ڈی اور کانگریس سے الگ ہو کر بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کے ساتھ حکومت بنائی۔ 2020 کے انتخابات میں جے ڈی یو اور این ڈی اے نے مل کر 125 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے اکثریت بنائی۔ اگست 2022 میں نتیش کمار نے این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کر کے آر جے ڈی-کانگریس کے ساتھ دوبارہ حکومت بنائی، لیکن جنوری 2024 میں وہ دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہوگئے۔
موجودہ انتخابی مقابلہ
اس بار این ڈی اے کی قیادت جے ڈی یو کے نتیش کمار اور بی جے پی کر رہی ہے، جس میں چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، جتن مانجھی کی ہندوستان عوامی مورچہ اور اوپیندر کشواہا کی راشٹریہ لوک شکتی پارٹی بھی شامل ہیں۔ سامنے انڈیا بلاک ہے جس میں آر جے ڈی کے تیجسوی یادو، کانگریس، دیپنکر بھٹاچاریہ کی سی پی آئی (ایم ایل)، سی پی آئی، سی پی ایم اور مکیش سہنی کی وکاس شیل انسان پارٹی شامل ہیں۔ پہلی بار پرشانت کشور کی جماعت جن سوراج بھی میدان میں ہے۔
انتخابی مہم کے نکات
این ڈی اے وزیراعظم نریندر مودی کے کرشمے اور مرکز و ریاست کی فلاحی اسکیموں پر بھروسہ کر رہا ہے۔ 26 ستمبر کو پی ایم مودی نے "مکھیا منتری مہلا روزگار یوجنا" شروع کی جس کے تحت 75 لاکھ خواتین کو ایک ساتھ 10 ہزار روپے ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کیے گئے۔ اس کے علاوہ 62 ہزار کروڑ روپے کی نوجوانوں کے لیے اسکیمیں بھی شروع کی گئیں۔ بی جے پی لالو یادو دور کے مبینہ بدعنوانی اور جرائم کو بھی انتخابی ایشو بنا رہی ہے۔
انڈیا بلاک اپنی مہم تین نکات پر چلا رہا ہے: پہلا ’ووٹ چوری‘ مہم جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ بی جے پی نے الیکٹورل رولز میں گڑبڑ کرائی ہے، دوسرا ذات پر مبنی مردم شماری اور ریزرویشن بڑھانے کا وعدہ، اور تیسرا بے روزگاری و سرکاری نوکریوں کی کمی کے خلاف آواز۔
ووٹر لسٹ کی حتمی اشاعت
الیکشن کمیشن نے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹر لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔ حتمی فہرست میں ووٹروں کی کل تعداد 7.42 کروڑ ہے۔ جون 2025 میں یہ تعداد 7.89 کروڑ تھی۔ اس دوران 65 لاکھ ووٹروں کو نکالا گیا، جب کہ 21.53 لاکھ نئے ووٹر شامل کیے گئے۔
محکمہ کے مطابق پٹنہ کی 14 اسمبلی حلقوں میں 1.63 لاکھ نئے ووٹر شامل کیے گئے ہیں۔ مدھوبنی میں 85,645 اور نالندہ کی سات سیٹوں پر 56,423 نئے ووٹر شامل کیے گئے۔