راگھو چڈھا کو بڑا جھٹکا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-04-2026
راگھو چڈھا کو بڑا جھٹکا
راگھو چڈھا کو بڑا جھٹکا

 



نئی دہلی
عام آدمی پارٹی نے اپنے رہنما راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا میں ڈپٹی لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا ہے، جو ان کے لیے ایک بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔ پارٹی نے اشوک مِتّل کو ایوانِ بالا میں نیا نائب لیڈر مقرر کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، عام آدمی پارٹی نے راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کو خط بھیج کر اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے راگھو چڈھا پارٹی اور اس کی قیادت سے جڑے اہم معاملات پر خاموش نظر آ رہے تھے، جس کے بعد پارٹی نے یہ بڑی کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق، پارٹی نے راجیہ سبھا سیکریٹریٹ سے یہ بھی کہا ہے کہ راگھو چڈھا کو ایوان میں تقریر کے لیے وقت مختص نہ کیا جائے۔ گزشتہ ہفتے بھی پارٹی نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے اسٹار پرچارکوں کی فہرست سے ان کا نام ہٹا دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے کوئی خاص وجہ نہیں ہے اور راگھو چڈھا کسی بھی پارٹی مخالف سرگرمی میں ملوث نہیں پائے گئے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ پارٹی اس قدم کے لیے مناسب وقت کا انتظار کر رہی تھی۔
اندرونی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ راگھو چڈھا کئی اہم مواقع پر دستیاب نہیں رہے، جن میں فروری کے آخر میں اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کو آبکاری پالیسی معاملے میں راحت ملنے کے بعد ہونے والا طاقت کا مظاہرہ بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس دوران وہ آہستہ آہستہ پارٹی اور اس کی اعلیٰ قیادت سے دور ہوتے گئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، مستقبل میں راگھو چڈھا کو باضابطہ طور پر معطل کیے جانے کا امکان کم ہے تاکہ انہیں “شہید” کا درجہ نہ مل سکے۔ انہیں راجیہ سبھا میں پارٹی کے 10 اراکین میں شامل رہنے دیا جائے گا، جب تک وہ خود ایسا چاہتے ہیں۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب تین دن قبل راگھو چڈھا نے ممبئی ایئرپورٹ پر “اُڑان یاتری کیفے” کی تعریف کی تھی، جو مہاراشٹر میں این ڈی اے حکومت کے تحت چل رہا ہے۔
انہوں نے ٹویٹ میں کہ کہ میں ممبئی ایئرپورٹ پر اُڑان یاتری کیفے گیا اور صرف 10 روپے میں چائے پی۔ میں دہلی کے لیے فلائٹ لینے والا تھا اور اس سے پہلے چائے پینا چاہتا تھا۔ وہاں کئی مسافروں سے بات ہوئی، سب خوش تھے اور ایک ہی بات کہہ رہے تھے کہ یہ جیب پر ہلکا، بہترین سروس اور پیسے کی مکمل قدر فراہم کرتا ہے۔ ایئرپورٹ پر سستا کھانا ممکن ہے اور یہ اس کی واضح مثال ہے۔