بھوپال ۔90-ڈگری' پل کا موڑ 118-119 ڈگری ہے، ہائی کورٹ میں رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 11-09-2025
بھوپال ۔90-ڈگری' پل کا موڑ 118-119 ڈگری ہے،  ہائی کورٹ میں رپورٹ
بھوپال ۔90-ڈگری' پل کا موڑ 118-119 ڈگری ہے، ہائی کورٹ میں رپورٹ

 



بھوپال کا بدنام زمانہ ’’90 ڈگری‘‘ ریل اوور برج، جو عوامی طنز و مزاح اور سوشل میڈیا میمز کا موضوع بنا ہوا ہے، دراصل اتنا تیز موڑ نہیں رکھتا جتنا نظر آتا ہے۔ ایک ماہر نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کو بتایا کہ اس پل کا اصل زاویہ 118 سے 119 ڈگری کے درمیان ہے۔اس تازہ انکشاف کے بعد مدھیہ پردیش حکومت نے عدالت سے وقت مانگا ہے تاکہ متنازعہ ڈھانچے کے معاملے میں بلیک لسٹ کی گئی کمپنی کے خلاف اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کیا جا سکے۔

یہ رپورٹ مولانا آزاد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی(MANIT) کے ایک پروفیسر نے ہائی کورٹ میں پیش کی، جس نے اس معاملے پر سائنسی نقطہ نظر فراہم کیا ہے، ایک ایسا تنازع جو عوامی توجہ کا مرکز بن گیا تھا اور شہری منصوبہ بندی و بنیادی ڈھانچے پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہا تھا۔

چیف جسٹس سنجیو سچدیو اور جسٹس ونئے سراف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بدھ کے روز حکم دیا کہ رپورٹ کی کاپیاں تمام فریقین کو فراہم کی جائیں۔یہ اوور برج، جو کبھی انجینئرنگ کی ناکامی کی علامت سمجھا جاتا تھا، اب قانونی اور تکنیکی بحث کا مرکز بن چکا ہے۔

پس منظر:

ایم/ایس پُنیٹ چھڈّا کمپنی، جو بھوپال کے عیش باغ علاقے میں فلائی اوور کی تعمیر میں شامل تھی، نے حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔ حکومت نے اس کمپنی کو اس وقت بلیک لسٹ کیا تھا جب ’’90 ڈگری‘‘ موڑ کے باعث تنازع کھڑا ہوا۔ عدالت نے اس عرضی پر ماہرین کی رپورٹ طلب کی تھی۔

رپورٹ پیش ہونے کے بعد، جس میں کہا گیا کہ پل کا زاویہ 118-119 ڈگری ہے، مدھیہ پردیش حکومت نے کمپنی کے خلاف کارروائی پر نظرِ ثانی کی مہلت مانگی۔ عدالت نے یہ درخواست قبول کرلی اور اگلی سماعت 17 ستمبر کو مقرر کی۔

عرضی گزار کا مؤقف:

عرضی گزار کے مطابق، اسے 2021-22 میں فلائی اوور کی تعمیر کا کنٹریکٹ ملا تھا۔ پل کا جنرل ارینجمنٹ ڈرائنگ(GAD) ایک سرکاری ایجنسی نے جاری کیا تھا اور کام 18 ماہ میں مکمل ہونا تھا۔

2023اور 2024 کے درمیانGAD میں ترمیم کی گئی اور پل سرکاری نگرانی میں بنایا گیا۔ تاہم، پل کی تیز موڑ والی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس پر عوامی تنقید اور حادثات کے خدشات کے بیچ حکومت نے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی۔

کمیٹی نے کہا کہ اس معاملے میں ریاستی حکومت اور ریلوے کے درمیان ہم آہنگی کی کمی رہی، کیونکہ ریلوے ٹریک پل کے موڑ کے نیچے سے گزرتا ہے۔ مزید یہ کہ اوور برج کے ستون مقررہ فاصلے پر نصب نہیں کیے گئے۔عرضی گزار نے عدالت میں کہا کہ حکومت نے اسے صرف کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر بلیک لسٹ کیا، بغیر کوئی صفائی پیش کرنے کا موقع دیے۔ اس کا کہنا تھا: ’’پل کا موڑ 90 ڈگری نہیں بلکہ 118-119 ڈگری ہے۔‘‘

عدالت کا رویہ:

اس سے پہلے، عدالت نے ماہرین کی جانچ کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ عرضی گزار کو 1 لاکھ روپے فیس کے طور پر دینا ہوں گے اور بھوپال میونسپل کارپوریشن ضروری سہولتیں فراہم کرے گی۔ اگر عرضی گزار کا دعویٰ درست نکلا تو اسے فیس کی رقم واپس لینے کا حق ہوگا اور اس کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی جائے گی۔

انتظامی کارروائی:

اس تنازع کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے، ریاستی حکومت نے 28 جون کو پی ڈبلیو ڈی (پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ) کے سات انجینئروں کو معطل کر دیا اور ایک ریٹائرڈ سپرنٹنڈنگ انجینئر کے خلاف محکماتی انکوائری کا حکم دیا۔چیف منسٹر موہن یادو نے اس دن ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ تعمیراتی ایجنسی اور ڈیزائن کنسلٹنٹ کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور ریلوے اوور برج میں ضروری بہتری کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔