نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے تھانے ضلع کے بھونڈی علاقے میں ایک عمارت گرنے سے ہونے والی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے دو، دو لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کی شب بھونڈی میں چار منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ وزیر اعظم نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "مہاراشٹر کے تھانے میں عمارت گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔ اس غم کی گھڑی میں میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ دعا ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں۔"
انہوں نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم قومی امدادی فنڈ سے ہر جاں بحق شخص کے لواحقین کو دو لاکھ روپے اور ہر زخمی کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ واضح رہے کہ بلدیاتی حکام نے اس عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دے دیا تھا اور وہاں مرمت کا کام جاری تھا۔