نیشنل پینتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ کا انتقال

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 31-05-2022
نیشنل پینتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ کا انتقال
نیشنل پینتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ کا انتقال

 


آواز دی وائس،جموں

جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے چیف پروفیسر بھیم سنگھ کا منگل کی صبح یہاں اپنی رہائش گاہ پر طویل علالت کے بعد 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ موصوف کو منگل کی صبح قریب پونے نو بجے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں پہنچایا گیا، تاہم وہ انتقال کر چکے تھے۔

وزیر اعظم  نریندر مودی نے پروفیسر بھیم سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ پروفیسر بھیم سنگھ جی کو زمینی سطح پر سرگرم ایک عوامی لیڈر کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے اپنی زندگی جموں وکشمیر کی فلاح وبہبود کے لئے وقف کردی تھی۔

وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا: ’پروفیسر بھیم سنگھ جی کو زمینی سطح پر سرگرم ایک عوامی لیڈر کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جنہوں نے اپنی زندگی جموں وکشمیر کی فلاح وبہبود کے ئے وقف کردی تھی۔ ان کا مطالعہ بہت وسیع تھا۔ مجھے ان کے ساتھ متعدد مرتبہ ہوئی بات چیت ہمیشہ یاد رہے گی۔ ان کے انتقال پر دکھ ہوا ہے۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

 

خیال رہے کہ پروفیسر سنگھ جو ایک ممتاز وکیل، سماجی کارکن اور مایہ ناز مصنف تھے، گزشتہ کئی ماہ سے صاحب فراش تھے۔ ان کی پیدائش اگست 1941 میں رام نگر جموں میں ہوئی۔ سال 1982 میں انہوں نے اپنی اہلیہ جے مالا کے ہمراہ نیشنل پینتھرس پارٹی کی بنیاد ڈالی اور وہ تین دہائیوں یعنی سال2012 تک اس کے چیئرمین کی کمان سنھبالتے رہے۔

اس کے بعد انہوں نے اپنے بھانجے ہرش دیو سنگھ کو اپنی جگہ نامزد کیا، تاہم سال گزشتہ انہوں نے فعال قیادت میں واپسی کی اور وہ دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔

دریں اثنا جموں و کشمیر کی سیاسی تنظیموں نے موصوف لیڈر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ٹوئٹ کرکے اظہار غم کرتے ہوئے کہا کہ ’جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے سربراہ بھیم سنگھ جی آج انتقال کر گئے‘۔

انہوں نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ’میری ابتدائی یادیں بھیم سنگھ جی کے ساتھ سال1984 سے وابستہ ہیں جب وہ میرے والد کے ساتھ این سی حکومت کی غیر آئینی برطرفی کے خلاف احتجاج میں شامل ہوئے۔

پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اظہار رنج کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’پروفیسر بھیم سنگھ کے انتقال سے بے حد دکھ ہوا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’جموں وکشمیر ایک ماہر قانون اور ایک عظیم لیڈر سے محروم ہو گیا ہے جو لوگوں کے حقوق کے لئے ڈٹ کر مقابلہ کرتے تھے۔ پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت‘۔

بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے پروفیسر بھیم سنگھ کے انتقال پر اظہار دکھ کرتے ہوئے کہا کہ ’پروفیسر بھیم سنگھ کے انتقال سے جموں وکشمیر ایک ایسی ممتاز سیاسی شخصیت سے محروم ہوا ہے جو لوگوں کی آواز ہر فورم پر بلند کرتے تھے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’رام نگر کے دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے والے فائر برانڈ لیڈر نے عالمی سطح پر سوجھ بوجھ کے ساتھ اپنے آپ کو تیار کیا‘۔