نئی دہلی
حکومت نے بدھ کے روز کہا کہ تعاونی شعبے کی نقل و حمل کی خدمت ‘ہندوستان ٹیکسی’ کو آئندہ دو سے تین برسوں میں ملک کے تمام بڑے شہروں اور تعلقہ سطح تک وسعت دی جائے گی۔
راجیہ سبھا میں وقفۂ سوالات کے دوران تعاونی انجمنوں کے ذریعے روزگار پیدا کرنے سے متعلق ضمنی سوالوں کے جواب میں وزیر مملکت برائے تعاون کرشن پال گرجر نے کہا کہ ‘ہندوستان ٹیکسی’ کی شروعات ڈرائیوروں کو بااختیار بنانے اور ان کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے مقصد سے کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا كہ اس خدمت کی بکنگ موبائل اطلاقیے کے ذریعے آسانی سے کی جا سکتی ہے۔ اس میں حفاظت کی مکمل ضمانت اور پوری شفافیت موجود ہے۔ اسے دہلی پولیس کے ساتھ بھی منسلک کیا گیا ہے۔
وزیر نے بتایا کہ ‘ہندوستان ٹیکسی’ اس وقت دہلی۔این سی آر کے علاوہ گجرات کے شہروں احمد آباد ، راجکوٹ، سومناتھ اور دوارکا میں چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا كہ آئندہ دو یا تین برسوں میں اس خدمت کو تمام بڑے شہروں اور تعلقہ سطح تک پہنچایا جائے گا۔ اب تک اس کے ساتھ چار لاکھ ڈرائیور رجسٹر ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ماہ مرکزی وزیر برائے تعاون امت شاہ نے ‘ہندوستان ٹیکسی’ خدمت کا آغاز کیا تھا، جو تعاونی بنیاد پر چلنے والا ملک کا پہلا سواری فراہم کرنے والا برقی پلیٹ فارم ہے۔ یہ پلیٹ فارم ملک کی آٹھ بڑی تعاونی تنظیموں کے ذریعے قائم کیا گیا ہے، جن میں دودھ کے شعبے کی معروف تنظیم امول بھی شامل ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ڈرائیوروں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور انہیں ملکیت کا فائدہ بھی حاصل ہوگا۔