سکم میں بھانو جینتی جوش و خروش سے منائی گئی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2026
سکم میں بھانو جینتی جوش و خروش سے منائی گئی
سکم میں بھانو جینتی جوش و خروش سے منائی گئی

 



گانگٹوک: سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمنگ نے پیر کے روز بھانو جینتی کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارک باد پیش کی اور نیپالی زبان کے اولین شاعر آدیکوی بھانو بھکت آچاریہ کی 212ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دن صرف ایک عظیم ادبی شخصیت کی یاد منانے کا موقع نہیں بلکہ زبان، ادب اور ثقافت کی اس دائمی طاقت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو ایک ترقی پسند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادیب، شاعر اور اہلِ علم اپنی تہذیبی روایات کی حفاظت اور ثقافتی اقدار کو نئی نسلوں تک منتقل کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پریم سنگھ تمنگ نے کہا کہ آدیکوی بھانو بھکت آچاریہ کی علمی و ادبی میراث ہمیں اپنی مادری زبان سے محبت اور اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ کی مسلسل ترغیب دیتی ہے۔ ان کے مطابق شاعر کی زندگی اور خدمات اس بات پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں کہ تعلیم اور ادب معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔

انہوں نے ریاست کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نیپالی زبان کی خوب صورتی کو اپنائیں اور اس کی ترویج و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اس سال کی بھانو جینتی کی تقریبات مختلف برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، دانائی اور امن کو مزید فروغ دیں گی۔

تقریبات کا آغاز گورنر اوم پرکاش ماتھر نے زیرو پوائنٹ کے قریب واقع بھانو ادیان میں شاعر کے مجسمے پر پھولوں کی چادر چڑھا کر کیا۔ دن بھر گانگٹوک میں ایک عظیم الشان شوبھا یاترا بھی نکالی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نیپالی ساہتیہ پریشد، سکم کے زیر اہتمام منعقدہ اس جلوس میں وزراء، اراکینِ اسمبلی، سماجی تنظیموں کے نمائندے اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ روایتی لباس میں ملبوس شرکاء نے ثقافتی پروگراموں کے ذریعے آدیکوی بھانو بھکت آچاریہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اسی سلسلے میں مانن کیندر میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں ممتاز ادیب سکراج سبا کو "بھانو پرسکار 2026" سے نوازا گیا۔ انہیں یہ اعزاز نیپالی زبان و ادب کے فروغ، تحفظ اور ترقی کے لیے زندگی بھر انجام دی گئی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔