محبت کو فروغ دینے والی چیزوں کو بنانا بہتر ہے: 'کیرالہ اسٹوری 2' پر پرینکا گاندھی
وایناڈ
کانگریس کی رکنِ پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعہ کے روز کہا کہ اگرچہ لوگوں کو اپنے خیالات کے اظہار کی آزادی ہونی چاہیے، لیکن بہتر یہی ہے کہ ایسی تخلیقات سامنے آئیں جو خوشی کا پیغام دیں اور عوام کے درمیان امن، محبت اور فلاح و بہبود کو فروغ دیں۔
وایناڈ لوک سبھا حلقے سے رکنِ پارلیمنٹ واڈرا، جو کیرالہ کے تین روزہ دورے پر ہیں، میڈیا کے سوالات کا جواب دے رہی تھیں۔ یہ سوالات فلم دی کیرالہ اسٹوری 2: گوز بیونڈ کی ریلیز پر عدالت کی جانب سے عارضی پابندی سے متعلق تھے۔
انہوں نے کہا كہ سب سے پہلے تو میرا ماننا ہے کہ لوگوں کو اظہارِ رائے کی آزادی ہونی چاہیے، لیکن اسی کے ساتھ میں یہ بھی محسوس کرتی ہوں کہ ایسے ماحول میں جہاں ایک دوسرے کے خلاف نفرت، غصہ اور اشتعال انگیز بیانیہ بڑھتا جا رہا ہو، بہتر ہے کہ تخلیقی طور پر ایسی چیزیں بنائی جائیں جو خوشی، امن، محبت اور عوامی فلاح کو فروغ دیں۔
کانگریس رکنِ پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ چورالمالا–منڈاکئی میں آنے والے لینڈ سلائیڈز، جن میں سیکڑوں افراد کی جانیں گئیں، کے بعد سب لوگوں نے ایک دوسرے کی مدد کی اور آج بھی مذہب یا ذات پات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا كہ میرا ماننا ہے کہ یہی جذبہ دراصل ہندوستان کی اصل روح ہے اور کیرالہ کی بھی پہچان ہے، اور یہی چیز اسے اتنا خوبصورت بناتی ہے۔
انہوں نے سوال کیا كہ تو پھر اسی جذبے کو کیوں نہ پیش کیا جائے؟ اس پر بات کیوں نہ کی جائے؟ اور کیوں نہ پورا ملک اس مثال سے کچھ سیکھے؟ واڈرا نے کہا کہ وایناڈ سے رکنِ پارلیمنٹ بننے کے بعد ہی انہوں نے قریب سے دیکھا کہ اس علاقے کے لوگ کس خوبصورتی سے مل جل کر رہتے ہیں، تہوار مناتے ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔
جمعرات کو کیرالہ ہائی کورٹ کی ایک رکنی بنچ نے متنازع فلم کی ریلیز پر 15 دن کے لیے روک لگا دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ بادی النظر میں سنسر بورڈ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن کی جانب سے قانون کی ضروریات پر مناسب غور و فکر نہیں کیا گیا۔
فلم کے پروڈیوسر نے اس فیصلے کے خلاف ڈویژن بنچ سے رجوع کر لیا ہے۔