اکھلیش یادو نے بی جے پی کو نشانہ بنایا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-07-2026
اکھلیش یادو نے بی جے پی کو نشانہ بنایا
اکھلیش یادو نے بی جے پی کو نشانہ بنایا

 



لکھنؤ
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بدھ کے روز ایودھیا میں واقع رام جنم بھومی مندر میں عطیات کے مبینہ غبن کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید حملہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پارٹی نے "بھگوان رام" اور آئینی اقدار دونوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے "مریادا" (حدود و اقدار) کے تصور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو صرف عطیات کے بہاؤ کی فکر ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھگوان رام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ مریادا کا پہلا نام بھگوان شری رام ہے اور دوسرا آئین ہے، لیکن بی جے پی نے دونوں کے ساتھ غداری کی ہے۔ بی جے پی کو اس بات کا خوف ہے کہ کہیں چندہ اور عطیات ملنا بند نہ ہو جائیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اتر پردیش میں رام مندر کے عطیات میں مبینہ غبن کے معاملے پر سیاسی ہنگامہ برپا ہے۔ 25 جون کو ایودھیا کے رام مندر میں موصول ہونے والے عطیات کے مبینہ غبن کے سلسلے میں ایک فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی تھی۔
دریں اثنا، اس معاملے کی تحقیقات کرنے والی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کو اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید 15 دن کی مہلت دے دی گئی ہے۔ یہ توسیع اس لیے دی گئی ہے تاکہ ایس آئی ٹی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر سکے اور معاملے کے تمام پہلوؤں کی جامع جانچ پڑتال کر سکے۔
حکام کے مطابق، تحقیقات کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ ہر ممکن زاویے سے معاملے کا جائزہ لیا جا سکے اور کسی بھی قصوروار کو بخشا نہ جائے۔گزشتہ جمعہ کو شری رام جنم بھومی ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے اور ٹرسٹ کے رکن انیل مشرا نے رام مندر کے عطیات میں مبینہ غبن کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
اس کے بعد، ذرائع کے مطابق، جاری تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے چمپت رائے کا بیان بھی ریکارڈ کیا۔ چمپت رائے سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر ٹرسٹ کے دیگر سینئر عہدیداروں، بشمول انیل مشرا، کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔
اس معاملے نے اتر پردیش کی سیاست میں شدید کشیدگی پیدا کر دی ہے، جہاں حکمراں بی جے پی اور اپوزیشن جماعتیں رام مندر کے مالی معاملات کے انتظام کو لے کر ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہی ہیں، جبکہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات بدستور جاری ہیں۔