بہار میں بہترین یونیورسٹیاں اور اسپتال بنائے جائیں: راہل گاندھی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-11-2025
بہار میں بہترین یونیورسٹیاں اور اسپتال بنائے جائیں: راہل گاندھی
بہار میں بہترین یونیورسٹیاں اور اسپتال بنائے جائیں: راہل گاندھی

 



پورنیہ/ آواز دی وائس
لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بنایا، جب کہ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 121 نشستوں پر ووٹنگ جاری تھی۔ یہ بیان انہوں نے ہریانہ اسمبلی انتخابات 2024 میں مبینہ "ووٹ فراڈ" کے تازہ الزامات عائد کرنے کے ایک دن بعد دیا۔
راہل گاندھی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں یہ لوگ (بی جے پی) الیکشن لڑ رہے ہیں، وہاں ووٹ چوری کر کے جیت رہے ہیں... کل ہم نے پوری دنیا کو دکھایا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن نے ہریانہ کے انتخابات چرائے، اور اس سے پہلے بہار کا پچھلا الیکشن بھی چرایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بار ووٹ چوری نہیں ہونے دینی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور الیکشن کمیشن، تینوں ووٹ چوری میں ملوث ہیں۔ یہ آپ (ووٹرز) کی ذمہ داری ہے کہ آپ آئین کا تحفظ کریں۔ ہمیں ووٹ چوری نہیں ہونے دینا چاہیے۔
کانگریس رہنما نے ایک بار پھر یہ الزام دہرایا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو “ریموٹ کنٹرول” کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی چلا رہے ہیں، اور زور دیا کہ بہار میں معیاری یونیورسٹیوں اور اسپتالوں کے قیام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار کو دوبارہ ترقی کی راہ پر لانا ہوگا۔ دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں اور اسپتال بہار میں قائم ہونے چاہئیں۔ بہار کو سیاحت اور صنعت کا عالمی مرکز بننا چاہیے۔ لیکن وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار ایسا نہیں کر سکتے۔ نتیش کمار خود کچھ نہیں کر رہے، انہیں وزیر اعظم مودی کے ‘ریموٹ کنٹرول’ سے چلایا جا رہا ہے۔ اصل میں حکومت نتیش کمار نہیں، بلکہ دہلی اور بہار کے بیوروکریٹس، وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ چلا رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس " ایچ  فائلز" میں دعویٰ کیا تھا کہ ہریانہ میں 25 لاکھ جعلی ووٹرز ہیں، یعنی ہر آٹھ میں سے ایک ووٹر فرضی ہے۔ راہل گاندھی پورنیہ میں کانگریس کے امیدوار محمد عرفان عالم کی حمایت میں انتخابی مہم چلا رہے تھے، جو کسبا نشست سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے نیتیش کمار سنگھ، جن سوراج کے محمد اتفاق عالم اور اے آئی ایم آئی ایم کے محمد شہناواز عالم سے ہے۔
بہار کے باقی اضلاع میں ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی، جب کہ نتائج 14 نومبر کو اعلان کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ 2020 کے اسمبلی انتخابات تین مراحل میں ہوئے تھے، جن میں این ڈی اے نے 125 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ اپوزیشن اتحاد نے 110 نشستیں جیتی تھیں۔ اہم جماعتوں میں جنتا دل (یونائیٹڈ) نے 43 نشستیں، بی جے پی نے 74 نشستیں، آر جے ڈی نے 75 نشستیں اور کانگریس نے 19 نشستیں حاصل کی تھیں۔
اس وقت جے ڈی(یو ) نے 115، بی جے پی نے 110، آر جے ڈی نے 144 اور کانگریس نے 70 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا۔