بنگال: مدرسوں میں وندے ماترم گانا لازمی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-05-2026
بنگال: مدرسوں میں وندے ماترم گانا لازمی
بنگال: مدرسوں میں وندے ماترم گانا لازمی

 



کولکاتا: مغربی بنگال حکومت نے ریاست کے تمام مدارس میں صبح کی دعا کی تقریب کے دوران ’’وندے ماترم‘‘ گانا فوری طور پر لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک سرکاری حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف مدرسہ ایجوکیشن کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدایت سرکاری ماڈل مدارس، سرکاری امداد یافتہ مدارس، منظور شدہ شِشو شکشا کیندروں، مادھیمک شکشا کیندروں اور اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم محکمہ کے تحت آنے والے تسلیم شدہ غیر امدادی مدارس پر بھی لاگو ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا: “کلاسوں کے آغاز سے قبل دعا کی تقریب کے دوران ’وندے ماترم‘ کا گایا جانا لازمی ہوگا۔” محکمے کے ایک سینئر افسر کے مطابق یہ فیصلہ تمام تعلیمی اداروں میں صبح کی اسمبلی کے طریقہ کار میں ’’یکسانیت‘‘ لانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا: “یہ حکم مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے اور اسے فوری طور پر نافذ کیا جائے گا۔”

یہ نوٹیفکیشن تمام ضلع مجسٹریٹس، ضلع اسکول انسپکٹروں، ویسٹ بنگال مدرسہ ایجوکیشن بورڈ اور دیگر اعلیٰ حکام کو ضروری کارروائی کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے ریاستی حکومت نے تمام سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں میں بھی صبح کی دعا کے دوران ’’وندے ماترم‘‘ گانے کو لازمی قرار دیا تھا۔

حکومت کی ہدایت کے مطابق ہر طالب علم کو دن کے آغاز پر قومی نغمہ گانے میں حصہ لینا ہوگا، جبکہ اداروں کے سربراہان کو اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مرکزی حکومت قومی علامات کے احترام سے متعلق قوانین کو مزید سخت بنانے پر غور کر رہی ہے۔ اس کے تحت قومی اعزازات کی توہین روک تھام ایکٹ 1971 میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ’’وندے ماترم‘‘ کے گانے میں رکاوٹ ڈالنے کو قابلِ سزا جرم قرار دیا جا سکے۔