کولکتہ
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو الزام لگایا کہ مغربی بنگال میں دراندازی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ ریاست کا وجود ہی خطرے میں پڑ گیا ہے۔انہوں نے یہاں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ اس نے ریاست کو بدامنی کی حالت میں پہنچا دیا ہے، جہاں فائرنگ اور بمباری کے واقعات تقریباً روزانہ پیش آ رہے ہیں۔
امیت شاہ نے کہا کہ بنگال میں ہر طرف طوفان برپا ہے۔ یہ طوفان تبدیلی لانے اور ممتا بنرجی کو الوداع کہنے کے لیے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر طرف بدعنوانی ہے۔ ہر جگہ سنڈیکیٹ راج قائم ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ کبی گرو رابندر ناتھ ٹیگور، بنکم چندر چٹوپادھیائے اور دیگر شخصیات کے خوابوں کے ‘سونار بنگلہ’ کو قائم کیا جائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیں۔
امیت شاہ نے یہ جلسہ اس وقت خطاب کیا جب وہ بھوانی پور سے جماعت کے امیدوار شوبھندو ادھیکاری کے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرانے کے لیے ان کے ساتھ موجود تھے۔