بنگال:مرشد آباد ٹرین حادثہ، تین طلبہ ہلاک، سی ایم کا اظہار افسوس

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2026
بنگال:مرشد آباد ٹرین حادثہ، تین طلبہ ہلاک، سی ایم کا اظہار افسوس
بنگال:مرشد آباد ٹرین حادثہ، تین طلبہ ہلاک، سی ایم کا اظہار افسوس

 



کولکاتا: مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے مرشد آباد میں پیش آنے والے دلخراش ٹرین حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جس میں اسکول کے تین طلبہ ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا، "آج صبح مرشد آباد میں پیش آنے والے المناک ٹرین حادثے سے مجھے شدید صدمہ پہنچا ہے۔ میری ہمدردیاں ان خاندانوں، خصوصاً ان والدین کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے کم سن بچوں کو کھو دیا۔

اس گہرے دکھ کا مداوا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، اور اس غم کی گھڑی میں پوری ریاست سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔" انہوں نے بتایا کہ زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیر گوری شنکر گھوش اسپتال پہنچ کر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ ضلع مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس صبح سے جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحت کے وزیر ڈاکٹر شرادوت مکھرجی خود اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ زخمی بچوں کو میڈیکل کالج میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ سوویندو ادھیکاری نے کہا، "غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ریلوے پھاٹک پر تعینات گیٹ مین کو ریاستی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور جو بھی ذمہ دار پایا گیا، اس کے خلاف سخت ترین کارروائی ہوگی۔"

جمعہ کی صبح مرشد آباد کے بہرام پور علاقے میں کرناسوبرنا ریلوے کراسنگ پر ایک ٹرین نے اسکول وین کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں تین طلبہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق صبح تقریباً سات بجے طلبہ اسکول وین میں سوار ہو کر اسکول جا رہے تھے۔ اسی دوران ریلوے کراسنگ کھلی ہوئی تھی۔ جیسے ہی وین پٹری پر پہنچی، ایک ٹرین تیز رفتاری سے آئی اور زور دار ٹکر مار دی۔

حادثے کے بعد وین کئی بار گھوم گئی۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر نکال کر مرشد آباد میڈیکل کالج و اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حادثے کے بعد پورے علاقے میں سوگ اور افسردگی کی فضا ہے۔ دریں اثنا، مرکزی وزیر اور مغربی بنگال بی جے پی کے صدر سکانت مجمدار نے بھی اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔