بنگال: کولکاتا کے تراتالا علاقے میں گودام کی شیڈ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-06-2026
بنگال: کولکاتا کے تراتالا علاقے میں گودام کی شیڈ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی
بنگال: کولکاتا کے تراتالا علاقے میں گودام کی شیڈ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

 



 کولکاتا: مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے تراتالا علاقے میں زیرِ تعمیر گودام کا شیڈ گرنے کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے، جبکہ 17 افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج رکھا گیا ہے۔

یہ حادثہ 25 جون کو بریس برج کے قریب پیش آیا، جہاں ایک زیرِ تعمیر کثیر منزلہ گودام کا شیڈ اچانک منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

کولکاتا پولیس کے مطابق، اس حادثے سے مجموعی طور پر 33 افراد متاثر ہوئے۔ ان میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 17 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے چار افراد کو علاج کے بعد 26 جون کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں راہل چودھری (17)، کرشنا چودھری (49)، چندرما چودھری (60)، روہت چودھری (20)، پپو کمار راجک (40)، گھی کمار (19)، اصغر حسین (54)، ساحل سردار (15)، حسن ایمان (44)، گنیش کالندی (45)، نوین سنگھ (44)، منّو کمار (19)، سوپن منڈل، خالق سردار (40) اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں۔

زخمیوں میں درباسا ملاہ، منیک چند کمار، سہید کمار، وشوا پرکاش، راجیش روئی داس، بودن منڈا، راجیندر رام، رام پرساد چودھری، محمد عابد خان، سورج چودھری، جوہر علی گاین، دیباشیش داس، محمد سونو، سندیپ پانڈے، مستقیم گاین، راج کمار راجک اور کارتک پاترا شامل ہیں۔

دریں اثنا، مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تراتالا حادثے کے سلسلے میں کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اب تک چھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ لال بازار کرائم برانچ کولکاتا پولیس کمشنر کی براہِ راست نگرانی میں اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ کولکاتا میونسپل کارپوریشن (KMC) اس منصوبے سے وابستہ آرکیٹیکٹ اور منصوبہ ساز کو بلیک لسٹ کرے گی، جبکہ حادثے کے ذمہ دار تمام افراد کے خلاف سخت قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے گی۔

ادھر کریڈائی (CREDAI) بنگال کے صدر سشیل موہتا نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کریڈائی سے وابستہ تمام تعمیراتی ادارے عمارت سازی کے ضابطوں، قومی قوانین اور انجینئرنگ معیارات پر سختی سے عمل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی عمارت کی تعمیر سے قبل مٹی کا سائنسی تجزیہ، جیو ٹیکنیکل انجینئروں کی سفارشات اور مضبوط ساختی منصوبہ بندی ضروری ہوتی ہے۔ ان کے مطابق 35 سے 50 منزلہ عمارتیں بھی مناسب منصوبہ بندی اور نگرانی کے تحت تعمیر کی گئی ہیں، جو زلزلوں کے باوجود محفوظ رہی ہیں۔

سشیل موہتا نے مزید کہا کہ تراتالا کا حادثہ مختلف نوعیت کا ہے، کیونکہ غیر قانونی تعمیرات اکثر غیر تربیت یافتہ ٹھیکیداروں کی جانب سے ناقص تعمیراتی مواد اور مناسب نگرانی کے بغیر کی جاتی ہیں، جس کے باعث ایسے افسوسناک حادثات پیش آتے ہیں۔