ورلڈ چیمپئن ٹیم انڈیا کے لیے بی سی سی آئی کا بڑا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-03-2026
ورلڈ چیمپئن ٹیم انڈیا کے لیے بی سی سی آئی کا بڑا اعلان
ورلڈ چیمپئن ٹیم انڈیا کے لیے بی سی سی آئی کا بڑا اعلان

 



نئی دہلی
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے منگل کے روز تیسرے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں تاریخی کامیابی کے بعد پوری ہندوستانی ٹیم کے لیے 131 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
اس رقم میں ٹیم کے  15 کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچنگ عملہ اور دیگر معاون عملہ بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق انعامی رقم کا بڑا حصہ کھلاڑیوں کو ملے گا، جبکہ معاون عملے کو دی جانے والی رقم ان کے عہدوں کے مطابق طے کی جائے گی۔
یہ انعامی رقم سنہ  2024 میں روہت شرما کی قیادت میں ٹیم کو دی گئی 125کروڑ روپے کی رقم سے 6 کروڑ روپے زیادہ ہے۔ بورڈ کے سکریٹری دیواجیت سائی کیا نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ ایک بار پھر کھلاڑیوں، معاون عملے اور سلیکٹروں کو اس تاریخی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہے اور آئندہ بھی ان کی مسلسل کامیابی کے لیے نیک تمنائیں رکھتا ہے۔
ہندوستان نے اتوار کے روز احمد آباد کے  نریندر مودی اسٹیڈیم  میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 96 رن سے شکست دے کر یہ باوقار خطاب اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ٹیم نے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع بھی کیا اور وہ اس عالمی مقابلے کی تاریخ میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا خطاب برقرار رکھنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
اس فتح کے بعد ہندوستان آئی سی سی مردوں کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کو تین مرتبہ جیتنے والی پہلی ٹیم بھی بن گیا، جس سے محدود اوورز کے اس طرز کے مقابلوں کی تاریخ میں اس کی کامیابی اور برتری مزید مستحکم ہو گئی ہے۔