نئی دہلی
نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بیورو آف سول ایوی ایشن سکیورٹی (بی سی اے ایس) سے اپنی سکیورٹی پلان کی منظوری مل گئی ہے، جو پروازوں کے آغاز کی سمت میں ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔ایئرپورٹ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ پروازوں کی شروعات کی تاریخ طے کرنے کے لیے ایئرلائنز اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
بیان کے مطابق، نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بی سی اے ایس کی جانب سے ایئرپورٹ سکیورٹی پروگرام (اے ایس پی) کی منظوری حاصل ہو گئی ہے۔ یہ ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاری کی سمت میں ایک اہم کامیابی ہے اور اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ سکیورٹی نظام اور طریقہ کار تمام ضابطہ جاتی تقاضوں کے مطابق ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اب ہم ایئرلائنز اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر تجارتی پروازوں کے آغاز کی تاریخ طے کریں گے۔ ہماری توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر ہے کہ تمام نظام، طریقہ کار اور عملہ محفوظ، مؤثر اور ہموار آپریشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اتر پردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے جیور میں تیار کیا جا رہا ایک نیا منصوبہ ہے، جس کا مقصد علاقائی رابطے کو مضبوط بنانا اور معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔