بریلی تشدد معاملہ: دو ملزمان کا انکاؤنٹر، 75 گرفتاریاں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-10-2025
بریلی تشدد معاملہ: دو ملزمان کا انکاؤنٹر، 75 گرفتاریاں
بریلی تشدد معاملہ: دو ملزمان کا انکاؤنٹر، 75 گرفتاریاں

 



بریلی: بریلی تشدد کے معاملے میں شامل دو ملزمان ادریس اور اقبال کا پولیس کے ساتھ انکاؤنٹر ہوا ہے۔ دونوں کے پیروں میں گولی لگی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں نے پہلے پولیس پر فائرنگ کی تھی۔ ان کے قبضے سے ایس پی سٹی کے گنر سے چھینی گئی بندوق بھی برآمد کی گئی ہے۔ یہ انکاؤنٹر سی بی گنج تھانہ علاقے کے بندیّا نہر کے قریب ہوا۔ مڈبھیڑ کے بعد پولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب ٹیم ان تک پہنچی تو بچنے کے لیے دونوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جواب میں پولیس کی فائرنگ سے دونوں کے پیروں میں گولی لگی اور پھر انہیں دبوچ لیا گیا۔ بریلی پولیس کی کارروائی میں اب تک 75 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پہلے 73 لوگوں کو پکڑا گیا تھا، اور ادریس و اقبال کی گرفتاری کے بعد یہ تعداد 75 ہو گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی درجنوں اور گرفتاریاں باقی ہیں۔ پولیس کے مطابق ادریس اور اقبال شاہجہانپور کے رہنے والے ہیں۔ ادریس پر پہلے سے 30 مقدمات درج ہیں، جبکہ اقبال پر 17 کیس چل رہے ہیں۔ دونوں بریلی میں فساد پھیلانے کے لیے شاہجہانپور سے آئے تھے۔ ادریس کے پاس سے ایک اینٹی فلیئر گن بھی ملی ہے۔ پولیس نے دونوں کو ابتدائی علاج کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیا ہے۔

اب ان سے مزید پوچھ گچھ ہوگی اور بھاگے ہوئے دیگر افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ بریلی تشدد کے سلسلے میں درج ایف آئی آر میں نامزد اور نامعلوم افراد کو ملا کر تقریباً 3000 لوگوں کے خلاف شواہد درج ہیں۔ اس لیے پولیس کا ماننا ہے کہ مزید درجنوں گرفتاریاں متوقع ہیں۔ ابتدائی جانچ میں اس پورے معاملے کے ماسٹر مائنڈ کے طور پر مولانا توقیر رضا کا نام سامنے آیا ہے۔

ان پر اور ان کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ یہ منصوبہ کافی دنوں سے تیار کیا جا رہا تھا۔ پولیس کو پہلے ہی اطلاع ملی تھی کہ مظاہرے کے بہانے کوئی بڑی گڑبڑ ہو سکتی ہے۔ پولیس نے سمجھانے کی کوشش بھی کی، لیکن بات نہ مانی گئی، جس کے بعد تشدد بھڑک اٹھا اور تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔