بریلی: دکاندارسن رہا تھا پاکستانی گانا، مقدمہ درج

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
بریلی: دکاندارسن رہا تھا پاکستانی گانا، مقدمہ درج
بریلی: دکاندارسن رہا تھا پاکستانی گانا، مقدمہ درج

 

 

آواز دی وائس، بریلی

ریاست اترپردیش میں ایک راشن دکاندار کی جانب سے پاکستانی گانے بجانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بریلی کے بھوٹا تھانے کے علاقے میں ایک راشن دکان داراکثر اپنی دکان پر ایسے گانے سنتا تھا، جس میں بار بار پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جا رہے تھے۔

اس پر الزام ہے کہ جمعرات کو بھی دکاندار وہ گانا سن رہا تھا، جس میں درمیان میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جا رہے تھے۔ اہل علاقہ نے احتجاج کیا تو اس نے انہیں دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔

اس معاملے میں بی جے پی کے ضلع جنرل سکریٹری شیو پرتاپ سنگھ رنکو نے اے ڈی جی بریلی راج کمار سے شکایت کی ہے۔ اے ڈی جی نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔پھر ملزم دکاندار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

بی جے پی کے ضلع جنرل سکریٹری شیو پرتاپ سنگھ رنکو نے بتایا کہ سیگھائی مروان کا ایک مسلمان شخص بدھ کی شام اپنی راشن کی دکان پر پاکستان زندہ باد کا گانا سن رہا تھا، جب گاہکوں اور محلے کے لوگوں نے احتجاج کیا تو ملزم دکاندار نے اسے دھمکیاں دینا شروع کردیں۔

اس معاملے کا علم ہوتے ہی بی جے پی اور ہندو تنظیم کے لیڈروں نے بریلی پولیس اور ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس راج کمار کو ٹویٹ کرکے اس کی اطلاع دی۔

اس کے بعد ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس راج کمار نے بھوٹا پولیس کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان نے بتایا کہ تھانہ بھوٹا کے تحت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک کریانہ دکاندار کے خلاف دفعہ 153B، 504,506، مقدمہ نمبر 144/2022 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، شواہد اکٹھا کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔

اس معاملے میں ملزم کے بھائی نے کہا کہ میرا چھوٹا بھائی گانا بجا رہا تھا، میں بریلی گیا تھا، میرے بھائی کو اب پولیس پکڑ کر لے گئی ہے۔ ساتھ ہی ملزم کی والدہ نے بتایا کہ میرے چھوٹے بچے نے گانا بجایا تھا، ہم سے غلطی ہوئی ہے، ہمیں معاف کر دیں۔