بارہمولہ کے ایم پی عبدالرشید کی دہلی ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت میں ترمیم کی درخواست
نئی دہلی
بارہمولہ کے رکنِ پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ کے وکیل نے دہلی ہائی کورٹ میں ان کی عبوری ضمانت کے حکم میں ترمیم کے لیے درخواست پیش کی ہے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ حکم میں تبدیلی کی جائے تاکہ وہ اپنے والد سے ملاقات کے لیے دہلی آ سکیں، جنہیں سری نگر سے منتقل کر کے اب دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
یہ درخواست جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ اور جسٹس مدھو جین کی بنچ کے سامنے پیش کی گئی۔ عدالت نے 28 اپریل کو عبدالرشید شیخ کو ایک ہفتے کی عبوری ضمانت دی تھی۔وکیل وکھیت اوبیرائے نے بتایا کہ عبدالرشید شیخ عرف انجینئر رشید کو پہلے سری نگر میں زیر علاج اپنے بیمار والد سے ملنے کے لیے عبوری ضمانت دی گئی تھی، لیکن اب خاندان نے بہتر علاج کے لیے انہیں دہلی منتقل کر دیا ہے۔
وکیل کے مطابق عبدالرشید شیخ اس وقت سری نگر میں ہیں، اس لیے حکم میں ترمیم کی درخواست کی گئی ہے تاکہ وہ دہلی جا سکیں۔عدالت اس معاملے کی سماعت دوپہر دو بجے کرے گی۔دہلی ہائی کورٹ نے 28 اپریل کو ایک ہفتے کی عبوری ضمانت دیتے ہوئے شرط رکھی تھی کہ وہ اسی اسپتال میں رہیں گے جہاں ان کے والد زیر علاج ہیں، خاندان کے علاوہ کسی سے ملاقات نہیں کریں گے اور اپنا موبائل فون آن رکھیں گے۔
ان کے ساتھ دو اہلکار رہیں گے، جس کا خرچ قومی تحقیقاتی ایجنسی برداشت کرے گی، اور ایک ہفتے بعد انہیں سرینڈر کرنا ہوگا۔عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا تھا کہ عبدالرشید شیخ رکنِ پارلیمنٹ ہیں اور انہیں اس سے قبل انتخابی کاغذات جمع کرانے، مہم چلانے اور پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لیے بھی عبوری راحت دی جا چکی ہے۔
ان کی جانب سے سینئر وکیل این ہریہرن اور وکھیت اوبیرائے پیش ہوئے، جبکہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے سینئر وکیل سدھارتھ لتھرا اور خصوصی سرکاری وکیل اکشے ملک نے درخواست کی مخالفت کی۔ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر انہیں عبوری ضمانت دی گئی تو گواہوں پر اثر پڑ سکتا ہے، کیونکہ ایک گواہ پہلے ہی منحرف ہو چکا ہے۔ تاہم ایجنسی نے حراستی پیرول کی صورت میں اجازت پر اعتراض نہیں کیا، لیکن عدالت نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔
اس سے قبل ٹرائل کورٹ نے بھی ان کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
عبدالرشید شیخ کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے ایک مقدمے میں 19 اگست 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت حراست میں ہیں۔