نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو ریمارکس دیے کہ ملک کی بار کونسلیں بتدریج "مردوں کے کلب" بن گئی ہیں اور ان پر قائم اجارہ داری کو ختم کیا جانا چاہیے۔ عدالت نے تمام ریاستی بار کونسلوں میں دو خواتین اراکین کو شریکِ رکن (Co-opted Member) کے طور پر نامزد کرنے کی بھی ہدایت دی۔
چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت، جسٹس جوئمالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ بار کونسل آف انڈیا (BCI) اور ریاستی بار کونسلوں کے انتخابات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کر رہا تھا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا، "بار کونسلیں مردوں کے کلب بن چکی ہیں۔ لوگ اسے اپنی اجارہ داری سمجھنے لگے ہیں، اور اس اجارہ داری کو مکمل طور پر ختم کرنا ہوگا۔" عدالت نے حکم دیا کہ متعلقہ ہائی کورٹوں کے چیف جسٹس ہر ریاستی بار کونسل میں دو خواتین کو شریکِ رکن نامزد کریں۔ ان میں ایک متعلقہ ہائی کورٹ کی سابق خاتون جج اور دوسری بار کی ایک سینئر خاتون وکیل ہوں، جن کی پیشہ ورانہ ساکھ اچھی ہو۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ شریکِ رکن بنائی جانے والی خواتین کا بار کونسل کے انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے، تاکہ وہ آزاد اور غیر جانبدار ارکان کے طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔ عدالت نے کہا کہ شریکِ رکن نامزدگی کے حوالے سے شروع سے ہی اس کے ذہن میں 10 فیصد نمائندگی کا تصور تھا اور ایسے افراد کو منتخب کیا جانا چاہیے جن کا انتخابات سے کوئی تعلق نہ ہو۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کوئی خاتون امیدوار بار کونسل کا انتخاب ہار جائے تو صرف اسی بنیاد پر اسے شریکِ رکن بنائے جانے سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین امیدواروں کے لیے منتقل ہونے والے ووٹوں (Transferable Votes) کے تعین کے معاملے کو عدالت نے سابق سپریم کورٹ جج جسٹس سدھانشو دھولیا کی سربراہی میں قائم ہائی پاورڈ سپروائزری کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ عدالت نے کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ بار کے اراکین سے تجاویز طلب کرے، انہیں زبانی سماعت کا موقع دے اور اس کے بعد طریقۂ کار پر دوبارہ غور کرے۔
سپریم کورٹ نے قبل ازیں جسٹس سدھانشو دھولیا کی سربراہی میں اس کمیٹی کو ملک بھر میں بار کونسل آف انڈیا اور ریاستی بار کونسلوں کے انتخابات کی نگرانی اور انتخابی تنازعات کے حل کے لیے تشکیل دیا تھا۔ یہ معاملہ ریاستی بار کونسلوں میں خواتین کے لیے ریزرویشن کے نفاذ سے متعلق ہے۔ موجودہ نظام کے تحت خواتین کو 30 فیصد نمائندگی دی جانی ہے، جس میں 20 فیصد نشستیں براہِ راست انتخابات کے ذریعے اور 10 فیصد شریکِ رکن نامزدگی کے ذریعے پُر کی جائیں گی۔