گوہاٹی: آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا شرما نے پیر کے روز کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ریاست سے 1,679 غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکینِ وطن کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے اسمبلی میں اے آئی یو ڈی ایف کے رکن بدرالدین اجمل کے سوال کے جواب میں بتایا کہ شہریت سے متعلق معاملات میں آسام حکومت مرکزی حکومت کی ہدایات پر عمل کرتی ہے اور اس دوران اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ قوانین پر عمل درآمد کے وقت انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔
وزیر اعلیٰ، جو محکمہ داخلہ اور سیاسی امور کے بھی انچارج ہیں، نے ایوان میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2026 کے درمیان شناخت کے بعد مجموعی طور پر 1,679 غیر قانونی تارکینِ وطن کو آسام سے بنگلہ دیش واپس بھیجا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان میں بعض افراد کو واپس بھیجنے (Sent Back)، بعض کو ملک بدر (Expulsion) کرنے اور چند کو ڈی پورٹیشن (Deportation) کے قانونی عمل کے ذریعے بنگلہ دیش روانہ کیا گیا۔ ہمنتا بسوا شرما نے واضح کیا کہ اگر کسی شناخت شدہ غیر قانونی تارکِ وطن کی درخواست ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہو تو اسے واپس نہیں بھیجا جاتا۔
دراندازوں کو واپس بھیجنے کے طریقۂ کار سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہریت کا معاملہ مرکزی حکومت کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام حکومت غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائی کرتے وقت موجودہ قوانین اور وقتاً فوقتاً مرکز کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرتی ہے، جبکہ ریاستی حکومت مرکز کو نظر انداز کرتے ہوئے کسی بھی غیر ملکی ملک کے ساتھ براہِ راست کوئی معاملہ نہیں کرتی۔