بنگلہ دیش نے انتخابات سے قبل آن ارائیول ویزا معطل کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-01-2026
بنگلہ دیش نے انتخابات سے قبل آن ارائیول ویزا معطل کیا
بنگلہ دیش نے انتخابات سے قبل آن ارائیول ویزا معطل کیا

 



ڈھاکہ/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش نے عام انتخابات اور ریفرنڈم سے قبل 15 جنوری سے 15 فروری تک ویزا آن ارائیول  کی سہولت معطل کر دی ہے۔ اس سے قبل بھوٹان اور نیپال جیسے پڑوسی ممالک کے شہریوں کو بنگلہ دیش کی جانب سے ویزا آن ارائیول کی سہولت دی جاتی تھی، تاہم اب اس انتظام کو معطل کرنے کا فیصلہ باضابطہ طور پر ان ممالک کی حکومتوں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
بنگلہ دیشی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ 15 جنوری سے 15 فروری تک ایک ماہ کے لیے ویزا آن ارائیول کا اجرا معطل رہے گا۔ یہ فیصلہ اُن تمام ممالک پر لاگو ہوگا جنہیں عموماً بنگلہ دیش ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اگرچہ عہدیدار نے اس فیصلے کی واضح وجہ بیان نہیں کی، تاہم عمومی طور پر یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ قدم آئندہ قومی پارلیمانی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔
چونکہ انتخابی مہم 22 جنوری سے شروع ہو رہی ہے اور بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین جلسوں کے لیے ملک بھر میں سفر کریں گے، اس لیے حکومت ممکنہ طور پر سرحدی علاقوں میں سکیورٹی بڑھانے اور انتخابی مدت کے دوران کسی بھی ممکنہ تشدد کو روکنے کے لیے یہ اقدام کر رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ماضی میں بھی انتخابات کے دوران اسی نوعیت کے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ، بنگلہ دیش نے ہندوستان میں واقع اپنے اہم سفارتی مشنز سے ویزوں کے اجرا کو بھی معطل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات مکمل ہونے تک ان ویزا خدمات کے بحال ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بنگلہ دیش میں قومی پارلیمانی انتخابات اور بعض اصلاحات پر عوامی ریفرنڈم 12 فروری کو منعقد ہونا طے ہے۔
عام انتخابات اور ریفرنڈم سے قبل بنگلہ دیش نے داخلی سلامتی کے اقدامات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ ملک بھر میں فوج تعینات کر دی گئی ہے اور فوجی اہلکار مختلف مقامات پر سکیورٹی چیک پوسٹس قائم کر رہے ہیں۔ عبوری حکومت پہلے ہی فوج کو مجسٹریٹ کے اختیارات دے چکی ہے۔ فوج کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کو بھی اپنی ذمہ داریاں انتہائی مستعدی کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔