بنگلہ دیش کے وزیرِاعظم طارق رحمان جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-07-2026
بنگلہ دیش کے وزیرِاعظم طارق رحمان جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے
بنگلہ دیش کے وزیرِاعظم طارق رحمان جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے

 



ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان کو سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سرکاری دورے کی دعوت دی گئی ہے جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

یہ معلومات پیر کے روز وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے صحافیوں کو دیں۔ہمایوں کبیر نے بتایا کہ سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبداللہ جعفر ایچ بن ابیہ نے صبح کابینہ سیکریٹریٹ میں وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں جانب سے نیک خواہشات کا تبادلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور وزیراعظم طارق رحمان کو سعودی عرب کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ہمایوں کبیر نے یہ بھی بتایا کہ سعودی ولی عہد نے مناسب وقت پر بنگلہ دیش کے دورے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان کے مطابق یہ دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی طور پر دوستانہ تعلقات رہے ہیں اور اب دونوں ممالک اسٹریٹجک تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ان شاء اللہ نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔ہمایوں کبیر نے کہا کہ آئندہ اعلیٰ سطح کے دوروں سے تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق سعودی عرب کی حکومت اور نجی شعبہ دونوں بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری میں غیر معمولی دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم طارق رحمان کو سعودی عرب کی دعوت اور ولی عہد کی بنگلہ دیش آنے کی خواہش اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد گزشتہ 4 ماہ کے دوران مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خصوصی نمائندے نے اس عرصے میں مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کا دورہ کیا جس سے بنگلہ دیش کے لیے خیرسگالی کا ماحول پیدا ہوا۔

ہمایوں کبیر نے کہا کہ انہی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں اب سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک روابط اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع حاصل ہوا ہے۔