بنگلہ دیش کی عدالت نے شیخ حسینہ کو 5 سال قید کی سزا سنائی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-12-2025
بنگلہ دیش کی عدالت نے شیخ حسینہ کو  5 سال قید کی سزا سنائی
بنگلہ دیش کی عدالت نے شیخ حسینہ کو 5 سال قید کی سزا سنائی

 



ڈھاکہ/ آواز دی وائس
ڈھاکہ کی ایک عدالت نے پیر کے روز بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کو کرپشن کے الزامات میں 5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اسی مقدمے میں عدالت نے سابق وزیرِ اعظم کی چھوٹی بہن شیخ ریحانہ کو 7 سال قید اور ریحانہ کی بیٹی، برطانوی رکنِ پارلیمنٹ، ٹولپ صدیقی کو 2 سال قید کی سزا سنائی۔
ڈھاکہ کی اسپیشل جج کورٹ 4 کے جج ربیع الٰم نے اس پلاٹ فراڈ کیس میں شیخ حسینہ کو 5 سال قید کی سزا کا فیصلہ سنایا۔ بنگلہ دیش کے اینٹی کرپشن کمیشن  اے سی سی  نے رواں سال جنوری میں شیخ حسینہ اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف سرکاری پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزام میں چھ الگ مقدمات دائر کیے تھے، جو ڈھاکہ کے پرباچل علاقے سے متعلق ہیں۔
اس سے قبل، جمعرات کے روز ڈھاکہ کی ایک عدالت نے بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کو 21 سال قید کی سزا کرپشن کے الزامات میں سنائی تھی۔
ڈھاکہ کی اسپیشل جج کورٹ 5 کے جج محمد عبداللہ المأمون نے فیصلہ سناتے ہوئے شیخ حسینہ کو تین پلاٹ فراڈ مقدمات میں، ہر ایک میں 7 سال قید یعنی مجموعی طور پر 21 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ بنگلہ دیش کے اینٹی کرپشن کمیشن  نے رواں سال جنوری میں شیخ حسینہ اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف پرباچل علاقے میں سرکاری پلاٹس کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ پر چھ الگ مقدمات دائر کیے تھے۔ ان میں سے باقی تین مقدمات کا فیصلہ یکم دسمبر کو سنایا جائے گا۔
عدالت نے شیخ حسینہ کے بیٹے سجیـب واجد جوائے کو 5 سال قید اور 1 لاکھ ٹکا جرمانہ جبکہ ان کی بیٹی سعیمہ واجد پوتول کو 5 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ بنگلہ دیش کی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی ) پہلے ہی شیخ حسینہ کو موت کی سزا سنا چکی ہے، اور انہیں جولائی 2024 کے حکومت مخالف احتجاج کو دبانے کی کوششوں کے سبب انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
شیخ حسینہ اور ان کے خاندان نے ان مقدمات میں کوئی وکیل مقرر نہیں کیا تھا کیونکہ وہ مفرور تھے۔ تاہم، مختلف تقاریر اور بیانات میں انہوں نے کرپشن کے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ اس دوران بدھ کے روز وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ ہندوستانی حکومت بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی اس درخواست کا جائزہ لے رہی ہے، جس میں سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے، جنہیں ملک کی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں موت کی سزا سنائی ہے۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ نئی دہلی کو ڈھاکہ کی جانب سے اس سلسلے میں باضابطہ خط موصول ہو چکا ہے، اور ہندوستان ہمیشہ بنگلہ دیش کے استحکام اور اس کے عوام کی بھلائی کا خواہاں ہے، جو اس کے جاری عدالتی اور داخلی قانونی عمل کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاں، ہمیں یہ درخواست موصول ہوئی ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عدالتی اور داخلی قانونی عمل کے تحت ہم بنگلہ دیش کے عوام کے بہترین مفاد، امن، جمہوریت، شمولیت اور استحکام کے لیے پُرعزم ہیں، اور ہم اس سلسلے میں تمام ریاستی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعمیری بات چیت جاری رکھیں گے۔