بنگلہ دیشی فوج پرامن انتخابات کو یقینی بنانے میں مدد کرے گی: سینئر بی این پی رہنما

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-11-2025
بنگلہ دیشی فوج پرامن انتخابات کو یقینی بنانے میں مدد کرے گی: سینئر بی این پی رہنما
بنگلہ دیشی فوج پرامن انتخابات کو یقینی بنانے میں مدد کرے گی: سینئر بی این پی رہنما

 



ڈھاکہ/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سینئر رہنما حفیظ الدین احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج اگلے سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے میں ایک اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا، ’’پروفیسر محمد یونس کی قیادت میں قائم عبوری حکومت کمزور ہے۔ پروفیسر یونس ایک عالمی شہرت یافتہ شخصیت ہیں جنہیں بنگلہ دیش کے عوام بہت احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں، مگر جن افراد کو انہوں نے نگراں انتظامیہ کے رکن کے طور پر چُنا ہے، انہیں انتظامی امور چلانے کا کوئی تجربہ نہیں۔ وہ کچھ غیر سرکاری تنظیموں سے وابستہ تھے۔ مگر پورے ملک کو چلانا ان کے بس کی بات نہیں۔‘‘ بی این پی کی اعلیٰ ترین باڈی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن حفیظ الدین احمد نے یہ بات ایک انٹرویو میں اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملک میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے احمد نے کہا کہ فوج کی سنجیدگی اور شمولیت ہی شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی قانون و امان کی صورتحال بہت خراب ہے۔ آزاد اور منصفانہ انتخابات صرف اسی صورت میں ممکن ہیں جب فوج دل سے حکومت کا ساتھ دے۔ سب کچھ فوج کی کارکردگی پر منحصر ہے۔ اگر وہ سنجیدہ ہوں، تو انہیں مجسٹریٹ کے اختیارات پہلے ہی مل چکے ہیں، لہٰذا اگر وہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دیں تو انتخابات میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، اور یہ واقعی آزاد اور منصفانہ ہوں گے۔‘‘
احمد، جو خود ایک ریٹائرڈ فوجی افسر بھی ہیں، نے مزید کہا کہ ’’پولیس انتظامیہ کمزور ہے، حکومت بھی کمزور ہے، الیکشن کمیشن اپنی پوری کوشش کر رہا ہے، مگر انتخابات کے منصفانہ انعقاد کا دار و مدار فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہے۔‘‘

احمد نے انتخابات کے دوران مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بی این پی اور دیگر سیاسی جماعتیں اقلیتوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اپنی مذہبی رواداری کے لیے جانا جاتا ہے، اور انتخابات کے دوران تمام سیاسی جماعتیں، خاص طور پر بی این پی جیسی بڑی جماعتیں، یقینی بنائیں گی کہ یہ ہم آہنگی برقرار رہے۔ مجھے یقین ہے کہ فوج اور دیگر ادارے اقلیتوں کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ، سیاسی جماعتوں کے کارکنان، خصوصاً بی این پی کے رضاکار، اقلیتی برادریوں کے علاقوں میں محافظوں کے طور پر موجود رہیں گے تاکہ کوئی شرپسند ان علاقوں میں داخل نہ ہو سکے۔ ہم منظم انداز میں کام کریں گے تاکہ انتخابات کے دوران یا بعد میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا بنگلہ دیش کی داخلی صورتحال خطے کے استحکام پر اثر ڈال سکتی ہے، تو احمد نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے ایک ملک میں بدامنی پورے خطے پر اثر انداز ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ہاں، آج تمام جنوبی ایشیائی ممالک ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہیں۔ اگر ایک ملک میں انتشار ہو تو اس کے اثرات لازمی طور پر ہمسایہ ممالک پر پڑتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ ملک اپنے داخلی اختلافات خود حل کر لے تاکہ پورا جنوبی ایشیا پُرامن رہے۔‘‘

اصلاحات اور مجوزہ ریفرنڈم کے حوالے سے احمد نے کہا کہ اب سب سے بڑا مسئلہ صرف ووٹنگ کے وقت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گفتگو کا مرحلہ اب ختم ہو چکا ہے، اور جن لوگوں نے اصلاحات پر بات چیت کی تھی وہ سب امریکہ جا چکے ہیں۔ اب صرف ایک سوال باقی ہے—ریفرنڈم انتخابات سے پہلے ہو یا انتخابی دن کے ساتھ۔ کچھ چھوٹی جماعتیں چاہتی ہیں کہ ریفرنڈم انتخابات سے پہلے ہو، لیکن بی این پی اور تمام بڑی جماعتیں، سوائے جماعتِ اسلامی کے، چاہتی ہیں کہ ریفرنڈم انتخابی دن ہی ہو۔ اس کی معقول وجوہات ہیں، کیونکہ ریفرنڈم پر بھاری اخراجات آتے ہیں، اس لیے بہتر یہی ہے کہ اسے انتخابات کے دن ہی کروایا جائے۔ زیادہ تر سیاسی جماعتیں اسی رائے کی حامی ہیں۔ اب عبوری حکومت کے لیے یہ ایک چھوٹا سا معاملہ رہ گیا ہے جسے حل کرنا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ سیاسی جماعتیں جنہوں نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے خلاف تحریک میں حصہ لیا تھا، انہوں نے ’’جولائی چارٹر‘‘ تیار کیا—جو بعد از حسینہ اصلاحاتی تجاویز پر مشتمل ایک دستاویز ہے—اور اس پر عوامی منظوری کے لیے ریفرنڈم کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ بی این پی کی ممکنہ خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے احمد نے کہا کہ ان کی جماعت تمام ممالک کے ساتھ دوستی پر مبنی مگر آزاد خارجہ پالیسی اپنائے گی۔

انہوں نے کہا، ’’اگر بی این پی اقتدار میں آتی ہے تو ہم ایک خودمختار خارجہ پالیسی اپنائیں گے—جس کا مطلب ہے سب کے ساتھ دوستی اور کسی سے دشمنی نہیں۔ ہم ہندوستان کے ساتھ بھی خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔ وہ ایک بڑا ملک ہے اور تجارتی و اقتصادی معاملات میں ہم ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہیں۔ ہم باہمی سمجھ بوجھ اور ایک دوسرے کی خودمختاری کے احترام کی بنیاد پر اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔ تاہم حسینہ کے دورِ حکومت کی طرح یہ تعلقات نہیں ہوں گے، جب بنگلہ دیش ناجائز مطالبات مان لیتا تھا اور غیر ضروری مراعات دیتا تھا—ایسا نہیں ہوگا۔ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات ہوں تو پورا جنوبی ایشیا پُرامن رہ سکتا ہے اور دوستانہ ماحول قائم کیا جا سکتا ہے۔‘‘

آئندہ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کی شمولیت کے سوال پر احمد نے کہا کہ بی این پی سب کو خوش آمدید کہتی ہے، حتیٰ کہ عوامی لیگ کو بھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی عبوری انتظامیہ طے کرے گی۔ سب سے بڑی سیاسی جماعت ہونے کے ناطے بی این پی ایک جامع اور شمولیتی انتخاب چاہتی ہے۔ ہمیں کوئی اعتراض نہیں اگر عوامی لیگ بھی انتخابات میں حصہ لے۔ ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی عمل میں شریک ہوں اور اپنی اپنی مہم چلائیں۔ فی الحال کسی جماعت پر پابندی نہیں لگائی گئی۔ بی این پی شمولیتی انتخابات چاہتی ہے۔ اگر عوامی لیگ آئے تو وہ خوش آمدید ہے، لیکن وہ خود اندرونی انتشار کا شکار ہیں۔ ان کا ماضی بہت خونریز رہا ہے اور انہوں نے بے شمار مظالم کیے ہیں۔ شاید اسی لیے وہ خود بھی مقابلے یا انتخاب میں آنے سے گریز کرتے ہیں۔ ورنہ ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں۔‘‘