نئی دہلی: انڈیگو ایئرلائنز نے ہفتہ کو دہلی کے راستے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خراب موسم کے باعث پروازوں میں ممکنہ تاخیر سے خبردار کیا ہے۔ ایئرلائن نے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ اس کی ٹیمیں صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے انڈیگو کی ویب سائٹ یا ایپ پر اپنی پرواز کی صورتحال ضرور چیک کرلیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا، ”خراب موسم اس وقت دہلی کو متاثر کر رہا ہے، جس کے باعث پروازوں کے آپریشن میں تاخیر ممکن ہے۔ اگر آپ آج سفر کر رہے ہیں تو ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے ہماری ویب سائٹ یا ایپ پر اپنی پرواز کی صورتحال چیک کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔“ ایئرلائن نے مسافروں سے یہ بھی کہا کہ سڑکوں پر معمول سے سست ٹریفک کے پیش نظر ہوائی اڈے پہنچنے کے لیے اضافی وقت لے کر چلیں۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا، ”براہ کرم سفر کے لیے اضافی وقت بھی رکھیں، کیونکہ سڑکوں کی صورتحال معمول سے زیادہ سست ہو سکتی ہے۔ ہم آپ کے مسلسل صبر اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔ آپ کا آرام اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔“ یہ ایڈوائزری ہفتہ کی صبح دہلی کے کئی علاقوں میں دوبارہ بارش شروع ہونے کے بعد جاری کی گئی۔ اس سے ایک روز قبل بھی موسلادھار بارش ہوئی تھی، جس سے گرمی اور حبس سے لوگوں کو راحت ملی۔
ساؤتھ ایونیو سمیت کئی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق پالم، جعفرپور، لودھی روڈ، صفدرجنگ اور رج سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پورے دن آسمان ابرآلود رہنے اور درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ صبح ساڑھے 8 بجے درجہ حرارت 26.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
تاہم بارش کے باعث قومی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ گیتا کالونی اور اکبر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں صبح کے وقت سڑکوں پر پانی جمع دیکھا گیا۔ قومی دارالحکومت کے وسیع تر خطے میں بھی بارش کا اثر پڑا اور گڑگاؤں کی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوئی اور روزانہ سفر کرنے والے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل جمعہ کی دوپہر دہلی کے بعض علاقوں میں ہوئی موسلادھار بارش نے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازوں کے آپریشن کو متاثر کیا تھا۔
احمد آباد، ممبئی اور پورٹ بلیئر سمیت مختلف شہروں سے آنے والی متعدد گھریلو پروازیں خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ہوائی اڈے کے گزشتہ تین سال سے ملازم گووند پانڈے نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے احاطے میں اس قدر شدید پانی جمع ہوتے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کے مسائل کے حل اور ہوائی اڈے کی ساکھ کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پانڈے نے اے این آئی سے کہا، ”میں نے اس سے پہلے کبھی اس طرح پانی جمع ہوتے نہیں دیکھا۔ مجھے لگتا ہے کہ شاید کوئی سیور بند ہے۔ اس سے ہوائی اڈے کی شبیہ متاثر ہو سکتی ہے۔ حکومت کو اس جانب توجہ دینی چاہیے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے سخت کارروائی کی جانی چاہیے کہ دوبارہ ایسا نہ ہو اور پانی اندر داخل نہ ہو۔