اجمیر: اتر پردیش کے سابق کابینہ وزیر اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر رہنما اعظم خان نے اپنے بیٹے عبداللہ اعظم کے ساتھ اجمیر میں خواجہ غریب نواز کی درگاہ پر حاضری دی۔ درگاہ کی جانب سے اعظم خان اور ان کے ہمراہ آئے لوگوں کو پگڑی پہنائی گئی اور انہوں نے عقیدت کے ساتھ حاضری دی۔ یہ پہلا موقع تھا جب اعظم خان اجمیر شریف کی درگاہ پر حاضری دینے پہنچے۔
انہوں نے خواجہ غریب نواز کے دربار میں دعا مانگی۔ اعظم خان کے ساتھ ان کے قریبی رہنما یوسف ملک، بیٹے عبداللہ اعظم اور دوست انوار بھی موجود تھے۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق رکنِ پارلیمان محمد اعظم خان جیل سے رہائی کے بعد ہفتے کو اجمیر پہنچے، جہاں انہوں نے خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر سر جھکا کر شکرانہ ادا کیا۔
انہوں نے درگاہ پر چادر چڑھائی اور عقیدت کے پھول پیش کیے۔ جیل سے رہائی اور پارٹی کی جانب سے انہیں اسٹار پرچارک (مرکزی انتخابی مہم چلانے والے) کی ذمہ داری ملنے کے بعد اعظم خان نے خواجہ غریب نواز کے حضور شکرانہ پیش کیا۔
درگاہ میں حاضری کے بعد اعظم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "مجھے روحانی طاقت ملی ہے۔ مصیبتیں کم ہوئیں، لیکن چیلنجز ابھی باقی ہیں۔ مجھے بہت ستایا گیا، جھوٹے الزامات میں پھنسا دیا گیا، لیکن بزرگوں کی دعا سے سکون اور انصاف ملا۔ اسی لیے میں اجمیر شریف حاضر ہوا ہوں۔" قابلِ ذکر ہے کہ ایک دن پہلے ہی سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بھی اجمیر کے کشن گنج آئے تھے، جبکہ اعظم خان اگلے دن وہاں پہنچے۔
اعظم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "موجودہ حکومت قوم اور ملک کے لوگوں کو اذیت دے رہی ہے۔ ہم ذلت بھری زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے مرغی چوری اور بکری چوری جیسے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے اپنا درد ظاہر کیا اور کہا کہ انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا گیا۔ جب ایک صحافی نے یوگی حکومت کے مبینہ ظلم پر سوال کیا تو اعظم خان کچھ برہم ہوگئے۔
طنزیہ لہجے میں کہا: "ارے حکومت تو مجھے روز حلوا پراٹھا کھلا رہی تھی!" انہوں نے صحافی کے سوال پر ناراضی کا اظہار بھی کیا۔ بہار کے انتخابات میں اسٹار پرچارک بنائے جانے کے سوال پر انہوں نے عام سا جواب دیا: "میں اس میں کیا کر سکتا ہوں۔"