آتش زنی کے تعلق سے بیداری مہم

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-05-2026
آتش زنی کے تعلق سے بیداری مہم
آتش زنی کے تعلق سے بیداری مہم

 



اُدھم پور: بڑھتی ہوئی گرمی اور جنگلات میں آگ لگنے کے خدشے کے پیش نظر اُدھم پور فاریسٹ ڈویژن نے جمعہ کو بیداری، روک تھام، نگرانی اور کنٹرول پر مبنی ایک جامع ماسٹر پلان شروع کیا ہے۔ اس کا مقصد علاقے میں ماحولیاتی نقصان کو کم کرنا ہے۔

اس مہم کے تحت محکمہ جنگلات کی خصوصی ٹیمیں اُدھم پور ضلع کی مانڈ پنچایت کے مختلف دیہات میں جا کر لوگوں کو جنگلاتی آگ سے بچاؤ، ہنگامی صورتحال میں ردعمل اور آگ پر قابو پانے کے طریقوں سے آگاہ کر رہی ہیں۔ اُدھم پور فاریسٹ ڈویژن کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) ستیندر موریہ نے حال ہی میں منعقدہ جنگلاتی آگ کنٹرول و روک تھام ورکشاپ کے بعد عوام سے اپیل کی کہ وہ جنگلات میں آگ روکنے میں فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: “اُدھم پور فاریسٹ ڈویژن کی جانب سے جنگلاتی آگ پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کے لیے ایک ورکشاپ منعقد کی گئی۔ گرمیوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی لوگوں، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ ایک بیداری کیمپ لگایا گیا۔ ہم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جنگلاتی آگ کو قابو میں رکھنے میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے کیونکہ سب سے پہلے وہی موقع پر پہنچتے ہیں۔ حال ہی میں جنگل میں آگ لگنے کے دو معمولی واقعات بھی پیش آئے تھے۔”

مانڈ پنچایت کے رہائشی رزاق محمد نے بتایا: “محکمہ جنگلات اور ڈی ایف او نے ہمیں جنگل میں آگ نہ لگانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ایک فرضی مشق (ماک ڈرل) بھی کرائی گئی تاکہ آگ لگنے کی صورت میں کیا اقدامات کرنے چاہییں، اس کی تیاری ہو سکے۔” وہیں مقامی رہائشی جیوتی پرکاش شرما نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا: یہ جنگلات ہمارے لیے قومی ورثہ ہیں۔ ان کی حفاظت صرف محکمہ جنگلات کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آج ہمیں یہ سکھایا گیا کہ آگ بجھانے سے پہلے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ وہ مزید نہ پھیلے۔