آسٹریلیا کے چیف جسٹس کا دورہ سپریم کورٹ آف انڈیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2025
آسٹریلیا کے چیف جسٹس کا دورہ سپریم کورٹ آف انڈیا
آسٹریلیا کے چیف جسٹس کا دورہ سپریم کورٹ آف انڈیا

 



نئی دہلی: آسٹریلیا کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس اسٹیفن گیگلر اے سی نے جمعہ کو ہندوستان کی سپریم کورٹ کا دورہ کیا، جہاں ان کا پُرجوش استقبال کیا گیا اور انہوں نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) بی۔ آر۔ گوئی کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا۔

جسٹس گیگلر ’’دہلی ثالثی ہفتہ‘‘ میں شرکت کے لیے اپنی سرکاری ہندوستانی یاترا پر ہیں۔ چیف جسٹس گؤئی نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب کا خیر مقدم کیا اور عدالت میں موجود وکلاء اور فریقین سے ان کا تعارف کرایا، جہاں وہ جسٹس ونود چندرن اور جسٹس این۔ وی۔ انجاریا کے ساتھ مقدمات کی سماعت کر رہے تھے۔ مہمان جج نے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک عدالتی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔

سینئر وکیل مکُل روہتگی نے 2015 میں بطور اٹارنی جنرل اپنے دورہ آسٹریلیا کو یاد کرتے ہوئے کہا: ’’جب میں 2015 میں اٹارنی جنرل تھا، ہم نے بھارت-آسٹریلیا لیگل فورم کے تحت آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا اور وہاں کی ہائی کورٹ کا بھی معائنہ کیا تھا۔‘‘

عدالت میں موجود سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے جسٹس گیگلر کی بطور وکیل اور جج نمایاں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے خیر مقدم میں کہا: ’’یہ سفر بہت مختصر ہے... اگر آپ زیادہ عرصے کے لیے آتے تو ہم ملک کے کونے کونے میں آپ کی میزبانی کر پاتے۔ یہ ایک خوبصورت ملک ہے جو متنوع کھانوں اور ثقافتوں سے مالامال ہے۔‘‘ جسٹس گؤئی نے بتایا کہ جسٹس گیگلر دہلی کے مشہور اسٹریٹ فوڈ کا ذائقہ پہلے ہی چکھ چکے ہیں۔

چیف جسٹس نے ہنستے ہوئے کہا: ’’کل انہوں نے دہلی کی چاٹ کا بھی لطف اٹھایا۔‘‘ واضح رہے کہ جسٹس گیگلر کو اکتوبر 2012 میں ہائی کورٹ میں جج مقرر کیا گیا تھا اور نومبر 2023 میں وہ چیف جسٹس بنے۔ اپنی تقرری کے وقت وہ آسٹریلیا کے سالیسٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔