کولکاتا (مغربی بنگال): ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکنِ پارلیمان ابھیشیک بنرجی ہفتے کے روز اپنے اوپر ہونے والے مبینہ حملے کے معاملے سے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو آگاہ کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ٹی ایم سی رہنما اس معاملے میں عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔
ابھیشیک بنرجی پر مبینہ طور پر اس وقت اینٹوں، پتھروں اور انڈوں سے حملہ کیا گیا جب وہ ضلع جنوبی 24 پرگنہ کے سونارپور علاقے میں انتخاب کے بعد ہونے والے تشدد سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر رہے تھے۔ حملے میں ان کی آنکھ زخمی ہوئی۔ بنرجی نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ ’’بی جے پی کی سرپرستی‘‘ میں کیا گیا اور اس کے ذریعے ان کی جان لینے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ پولیس مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ پولیس نے اس حملے کے سلسلے میں پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے، جنہیں آج باروئی پور عدالت میں پیش کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت آکاش گاین، کاجل داس، دیباشیش دتہ، نرمالیہ سین گپتا اور تپن مائتی کے طور پر ہوئی ہے۔
اس سے قبل ٹی ایم سی کے قومی جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی نے سونارپور میں اپنے اوپر ہونے والے حملے کو ’’سیاسی تشدد اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی‘‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے واقعے کے بعد کانگریس رہنما راہل گاندھی کی جانب سے اظہارِ تشویش اور حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بنرجی نے لکھا: "راہل جی، آپ کی تشویش اور مسلسل حمایت کا شکریہ۔ ہم بھارت کی روح کے تحفظ، جمہوری اداروں کے دفاع اور آئین میں درج اقدار کی پاسداری کے لیے متحد اور پُرعزم ہیں۔" انہوں نے ’’آپریشن سندور‘‘ کے بعد بھارت کے سفارتی وفد میں اپنی شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال وہ ایک آل پارٹی وفد کے رکن کے طور پر پانچ ممالک کے دورے پر گئے تھے، جہاں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کا مؤقف پیش کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج وہ خود سیاسی تشدد اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا شکار ہیں، جو ان لوگوں کی جانب سے کی جا رہی ہے جو خود کو قوم پرستی کا محافظ قرار دیتے ہیں۔ بنرجی نے مزید الزام لگایا کہ حکمراں جماعت پر تنقید کرنے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے بقول: "اگر آپ ان کی حمایت کریں تو آپ محبِ وطن ہیں، لیکن اگر سوال اٹھائیں تو آپ نشانہ بن جاتے ہیں۔ اگر آپ ان کے ساتھ کھڑے ہوں تو آپ کی تعریف کی جاتی ہے، اور اگر مخالفت کریں تو آپ کو خاموش کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
" دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی، تاہم پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ عوامی غصے کا اظہار ہے۔ مغربی بنگال کے وزیر دلیپ گھوش نے ابھیشیک بنرجی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا حق نہیں، لیکن یہ واقعہ سابق حکمران جماعت کے خلاف عوامی ناراضی کی عکاسی کرتا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دلیپ گھوش نے کہا: "ابھیشیک بنرجی کے ساتھ جو ہوا، وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا حق نہیں، لیکن عوام گزشتہ پندرہ برسوں سے مشکلات برداشت کر رہے ہیں۔ ہر شخص کسی نہ کسی طرح ہراسانی کا شکار رہا ہے اور عوام کے اندر موجود غصہ کسی نہ کسی صورت میں سامنے آنا ہی تھا۔" اسی دوران مہاراشٹر کے وزیر نتیش رانے نے اس حملے کو ٹی ایم سی حکومت کی ماضی کی حکمرانی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں عوام ہی اصل طاقت ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق عوام سیاسی رہنماؤں کو محبت بھی دیتے ہیں اور اپنی ناراضی کا اظہار بھی کر سکتے ہیں۔