نئی دہلی: دہلی دھماکے کے بعد یوپی حکومت نے ریاست میں مدارس کے حوالے سے بڑا قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت یہاں کے مولانا اور طلبہ کا مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں اے ٹی ایس کی پریاگ راج یونٹ نے خطوط جاری کرتے ہوئے اقلیتی فلاحی حکام سے مدارس کی معلومات طلب کی ہیں۔
اس پر چترکوت ضلع کے اقلیتی فلاحی افسر مہندر ناتھ پرتاپ نے جواب دیا ہے۔ اقلیتی فلاحی افسر نے اے ٹی ایس کو چترکوت میں چلنے والے مدارس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں کل 4 تسلیم شدہ مدرسے چل رہے ہیں۔ یہ مدارس شہر کے صدر مقام سے تقریباً 40 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہیں اور ان پر محکمہ کی مکمل نگرانی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چترکوت میں درج ذیل چار مدارس چل رہے ہیں: مدرسہ اسلامیہ اسکول مادرِوہ، مدرسہ بی بی نوریا بیگم عربیہ اہل سنت ، مدرسہ دارالعلوم محبوبیہ ، مدرسہ گلشن منصور اسلامیہ۔ یہ تمام مدارس مئو تحصیل اور راج پور تحصیل میں واقع ہیں۔
مہندر پرتاپ نے کہا کہ اگر چترکوت میں غیر تسلیم شدہ مدارس پائے جاتے ہیں تو فوری طور پر ان پر کارروائی کی جائے گی۔ مدارس میں پڑھانے والے مولویوں کی معلومات محکمہ کے پاس موجود ہیں اور تمام سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ محکمہ کی طرف سے مسلسل مدارس پر نگرانی جاری ہے، اور باقاعدگی سے دورے کیے جاتے ہیں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مولویوں پر نظر رکھی جا سکے۔
بتایا گیا ہے کہ دہلی دھماکے کے بعد یوپی حکومت نے سکیورٹی ایجنسیوں کو چوکس رکھنے کے لیے نیا پروٹوکول نافذ کیا ہے، جس کے تحت ریاست میں چلنے والے تمام تسلیم شدہ اور غیر تسلیم شدہ مدارس اور یہاں کام کرنے والے اساتذہ و عملے کی معلومات طلب کی گئی ہیں۔ اس میں اساتذہ کی پس منظر کی جانچ، مستقل پتہ اور دیگر شناختی دستاویزات دینے کے ہدایات شامل ہیں۔
مدارس میں پڑھنے والے طلبہ کی مکمل تفصیل اور موبائل نمبر بھی درج کرنے کے ہدایات دیے گئے ہیں۔ دہلی دھماکے کے بعد سکیورٹی ایجنسیوں نے ہر معاملے میں کافی چوکسی برتنی شروع کر دی ہے۔ حکومت نے واضح ہدایت دی ہے کہ مذہبی اور تعلیمی اداروں میں آنے جانے والوں کی شناخت اور کراس چیکنگ ضروری ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔