ایتھلیٹ نیرج چوپڑا فوج میں لیفٹیننٹ کرنل بن گئے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-10-2025
ایتھلیٹ نیرج چوپڑا فوج میں لیفٹیننٹ کرنل بن گئے
ایتھلیٹ نیرج چوپڑا فوج میں لیفٹیننٹ کرنل بن گئے

 



نئی دہلی: دو بار کے اولمپک تمغہ یافتہ اسٹار نیزہ پھینکنے والے ایتھلیٹ نیرج چوپڑا فوج میں لیفٹیننٹ کرنل بن گئے ہیں۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور بری فوج کے سربراہ اوپندر دویویدی نے نیرج کو یہ اعزازی عہدہ دیا۔ اس موقع پر نیرج چوپڑا فوجی وردی میں نظر آئے۔

تقریب کے دوران انہیں لیفٹیننٹ کرنل کی اعزازی رینک سے نوازا گیا۔ ہریانہ کے پانی پت کے قریبی گاؤں کھندرا سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نیزہ پھینکنے والے ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ پیرس اولمپکس 2024 میں انہوں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس سال نیرج چوپڑا کو علاقائی (Territorial) فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کی اعزازی رینک دی گئی تھی، لیکن بدھ کے روز منعقدہ ایک تقریب میں انہیں باقاعدہ طور پر یہ عہدہ دیا گیا۔

نیرج اس سے پہلے بھارتی فوج میں صوبیدار میجر تھے۔ نیرج سے پہلے بھارتی کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کو بھی 2011 میں علاقائی فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کا اعزازی عہدہ دیا گیا تھا۔ اس سال مئی میں وزارت دفاع کے فوجی امور کے محکمے نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں نیرج کے لیفٹیننٹ کرنل بننے کی اطلاع دی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ "علاقائی فوج کے ضوابط 1948 کے پیراگراف 31 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ، ہریانہ کے پانی پت کے کھندرا گاؤں و ڈاکخانہ سے تعلق رکھنے والے، پی وی ایس ایم، پدم شری، وی ایس ایم، سابق صوبیدار میجر نیرج چوپڑا کو 16 اپریل 2025 سے علاقائی فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کا اعزازی عہدہ عطا کرتی ہیں۔" نیرج چوپڑا کے لیے موجودہ سیزن اچھا نہیں رہا۔

وہ ڈائمنڈ لیگ کا خطاب نہیں جیت پائے اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی سونے کے تمغے کا دفاع نہیں کر سکے۔ نیرج نے ورلڈ چیمپئن شپ میں 84.03 میٹر کی بہترین تھرو کی تھی اور آخری مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کر پائے تھے۔