کاراکاس
وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 164 ہو گئی ہے، جبکہ 971 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ معلومات قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے جمعرات کی صبح جاری کردہ ایک تازہ بیان میں دی ہیں۔
سی این این کے مطابق حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ بڑی تعداد میں عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہوئی ہیں اور امدادی ٹیمیں مسلسل تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ روڈریگیز نے بتایا کہ ابتدائی دو بڑے زلزلوں کے بعد علاقے میں کم از کم 30 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
وینزویلا کے سرکاری نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں روڈریگیز نے کہا کہ وہ امدادی ٹیموں کی تعیناتی کے لیے اقوامِ متحدہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کی تعمیرِ نو کے لیے ابتدائی 20 کروڑ امریکی ڈالر کے فنڈ کے قیام کے سلسلے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔
جمعرات کی علی الصبح (ہندوستانی وقت کے مطابق) آنے والے طاقتور یکے بعد دیگرے زلزلوں نے وینزویلا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں دارالحکومت کاراکاس میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔
حکام اور نگرانی کرنے والے اداروں کے مطابق یہ دونوں زلزلے گزشتہ ایک صدی کے دوران لاطینی امریکی ملک میں آنے والے سب سے طاقتور زلزلوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق پہلا زلزلہ 7.1 شدت کا تھا، جو زمین کی سطح سے صرف 13 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔ اس کا مرکز مورون نامی ساحلی علاقے کے مغرب میں واقع تھا، جو کاراکاس سے تقریباً 168 کلومیٹر مغرب میں ہے۔
صرف 40 سیکنڈ بعد اسی علاقے میں 7.5 شدت کا ایک اور زیادہ طاقتور زلزلہ آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز مورون سے تقریباً 16 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔ اس دوسرے جھٹکے نے متاثرہ علاقوں میں تباہی کی شدت کو مزید بڑھا دیا۔
شدید زلزلوں کے بعد امریکی پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے پورٹو ریکو اور ورجن آئی لینڈز کے لیے سونامی وارننگ جاری کی تھی، تاہم بعد میں یہ انتباہ واپس لے لیا گیا۔