آخرکار ڈھائی فٹ کے عظیم منصوری کی شادی ہوگئی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 02-11-2022
آخرکار ڈھائی فٹ کے عظیم منصوری کی شادی ہوگئی
آخرکار ڈھائی فٹ کے عظیم منصوری کی شادی ہوگئی

 

 

شاملی:آخرکار پستہ قد عظیم منصوری کے سر سہرا سج گیااور بشریٰ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ ہاپوڑ کے محلہ مجید پورہ کی رہائشی بشریٰ، جس کا قد 3 فٹ 2 انچ ہے اور ضلع شاملی کے علاقے کیرانہ کے محلہ جوڑوا کوان کے رہنے والے عظیم منصوری، قد 2 فٹ 6 انچ کی شادی ہوئی۔ دونوں خاندانوں نے بڑی شان و شوکت سے نکاح میں شرکت کی۔ بدھ کو جب عظیم بارات کے ساتھ ایک کار میں شاملی کے کیرانہ سے نکلے تو سبھی انہیں دیکھنے باہر نکل آئے۔

عظیم نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے لے کر سابق وزرائے اعلیٰ اکھلیش یادو اور ملائم سنگھ سے شادی کرانے کی اپیل بھی کی تھی۔ وہ شادی کے لئے اس قدر بے چین تھے کہ کچھ دن پہلے شاملی مہیلا تھانے پہنچے تھے اور شادی کی درخواست بھی کی تھی۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سے بھی مدد مانگی تھی۔ آج ہاپوڑ پہنچنے کے بعد ڈھائی فٹ کا دولہا عظیم اور تین فٹ کی بشریٰ آخرکار ایک دوسرے کے بن گئے۔ دونوں کی شادی علاقے میں بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔

awaz

عظیم شدت سے شادی کرنا چاہتے تھے۔ جس کے لیے وہ ایک عرصے سے اپنے خوابوں کی ملکہ کی تلاش میں تھے۔ لیکن، اب عظیم کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔ شاملی کے علاقے کیرانہ کے محلہ جوڑوا کوان کے رہائشی حاجی نسیم منصوری کے بڑے بیٹے عظیم منصوری کا قد صرف 2 فٹ 6 انچ ہے۔

عظیم کا کہنا ہے کہ اس کے والدین چھوٹے قد کی وجہ سے اس کی شادی نہیں کر سکتے تھے۔ لیکن، اب وہ شادی کر کے بہت خوش ہیں۔ ہاپوڑ کے مجید پورہ کے کونسلر حاجی ایوب اور ان کے دوست شاہد منصوری نے بتایا کہ انہوں نے اپنا دفتر محلے میں ہی بنا رکھا ہے۔

وہ ہر روز بشریٰ کو اس علاقے میں آتے جاتے دیکھتے تھے۔ وہ پہلے ہی عظیم منصوری کی وائرل ویڈیو دیکھ چکے تھے۔ جس کی وجہ سے ان کے ذہن میں دونوں کی شادی کا خیال آیا۔ جب شادی کی بات کی گئی تو بشریٰ کے گھر والوں نے رضامندی دی۔

رضامندی کے بعد حاجی ایوب اور شاہد منصوری بشریٰ کے اہل خانہ کے ساتھ ان سے ملنے عظیم کے گھر پہنچے۔ جہاں انہوں نے بھی عظیم کو پہلی نظر میں پسند کر لیا تھا جس کے بعد دونوں کی میچ میکنگ اور منگنی کی رسمیں مکمل ہو گئیں۔

بشریٰ کے والد جلال الدین پیشے سے اسکریپ ڈیلر ہیں۔ بیوی مومنہ مزدوری کرتی ہے۔ بشریٰ دونوں کی بڑی بیٹی ہیں۔ جس نے بی کام مکمل کیا ہے۔ وہ بھی شادی کے لیے کافی عرصے سے اپنے جیسے نوجوان کی تلاش میں تھی۔ اب دونوں خاندان ان کی شادی سے بہت خوش ہیں۔