آسام یو سی سی بل کا مقصد خواتین کی حفاظت کرنا ہے، مذہب کو نشانہ بنانا نہیں: این ڈی اے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-05-2026
آسام یو سی سی بل کا مقصد خواتین کی حفاظت کرنا ہے، مذہب کو نشانہ بنانا نہیں: این ڈی اے
آسام یو سی سی بل کا مقصد خواتین کی حفاظت کرنا ہے، مذہب کو نشانہ بنانا نہیں: این ڈی اے

 



گوہاٹی
آسام اسمبلی میں حکمران این ڈی اے کے ارکانِ اسمبلی نے بدھ کے روز کہا کہ دو دن قبل ایوان میں پیش کیا گیا یکساں سول کوڈ (یو سی سی) بل خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے لایا گیا ہے اور یہ کسی مذہب یا مذہبی عمل کے خلاف نہیں ہے۔انہوں نے اس مجوزہ قانون کو ایک تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی قبائلی برادریوں کو اس بل کے دائرۂ کار سے باہر رکھا گیا ہے، جس سے ان کے روایتی قوانین اور رسم و رواج محفوظ رہیں گے۔
این ڈی اے کے اراکین اسمبلی یو سی سی بل پر ہونے والی بحث میں حصہ لے رہے تھے، جسے نئی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے آخری دن منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔بی جے پی کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر پیوش ہزاریکا نے بل کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ "کسی مذہب یا مذہبی روایت کے خلاف نہیں ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ آسام حکومت نے پیر کے روز یو سی سی بل اسمبلی میں پیش کیا تھا، جس میں کثرتِ ازدواج (ایک سے زیادہ شادیوں) پر پابندی لگانے اور لیو اِن ریلیشن شپ کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم بل میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ قانون آسام میں رہنے والے شیڈولڈ ٹرائبز سے تعلق رکھنے والے افراد پر لاگو نہیں ہوگا۔
بل میں مختلف سزاؤں کی بھی تجویز دی گئی ہے، جن میں دو یا زیادہ شادیاں کرنے پر سات سال تک قید اور لیو اِن تعلقات کی رجسٹریشن نہ کرانے پر تین ماہ تک قید شامل ہے۔پیوش ہزاریکا نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی ایک طبقے کے مردوں کو اپنی سابقہ بیویوں کی رضامندی کے بغیر چار شادیاں کرنے کی اجازت ہو تو اسے انصاف کا نظام کیسے کہا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کسی مذہب کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر ہم تمام مذاہب کے لیے مساوات کی بات کرتے ہیں تو ایسے مردوں کو جیل بھیجا جانا چاہیے۔کانگریس کی جانب سے بل کی مخالفت پر تنقید کرتے ہوئے ہزاریکا نے کہا کہ اپوزیشن جماعت خواتین کو مساوی حقوق اور عزت دینے سے انکار کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مجوزہ قانون لیو اِن تعلقات پر پابندی نہیں لگاتا بلکہ صرف ان کی رجسٹریشن کو لازمی بناتا ہے۔ملک کے آئین کی سرخ جلد والی ایک نقل دکھاتے ہوئے، جسے کانگریس رہنما اکثر اپنے ساتھ رکھتے ہیں، ہزاریکا نے کہا کہ کانگریس اور راہل گاندھی مسلسل کہتے رہے کہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے آئین کو نقصان پہنچایا ہے، لیکن انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ آئین کے اندر کیا لکھا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس گائے کے ذبیحے پر پابندی کی مخالفت کرتی ہے، حالانکہ آئین اس کے خلاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یو سی سی بل ایک تاریخی قانون ہے اور میں سب سے اس کی حمایت کی اپیل کرتا ہوں۔بی جے پی کے رکن اسمبلی دیپلو رنجن شرما نے کہا کہ اس بل کو پیش کرنا این ڈی اے کی جانب سے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔
دوسری جانب آسوم گنا پریشد (اے جی پی) کے رکن اسمبلی پرتھی راج راوا نے کہا کہ یو سی سی قانون ریاست میں بدلتے ہوئے آبادیاتی رجحانات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایک سے زیادہ شادیاں اصل مسئلہ نہیں ہیں، اصل مسئلہ متعدد شادیوں سے پیدا ہونے والی بڑی تعداد میں اولاد ہے، جس کے باعث آبادی میں بے تحاشا اضافہ اور آبادیاتی توازن میں تبدیلی آ رہی ہے۔
راوا نے کہا کہ حکومت یو سی سی نافذ کرنے کے لیے پُرعزم ہے کیونکہ یہ "ہماری خواتین کے مفادات کا تحفظ کرے گا اور انہیں فائدہ پہنچائے گا"۔بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی پی ایف) کے رکن اسمبلی ربی رام نارزری نے بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی برادریوں کے صدیوں پرانے روایتی قوانین کو اس قانون کے دائرے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی یکجہتی اور سالمیت کو مضبوط بنانے کے لیے اس نوعیت کا قانون ایک ضروری قدم ہے۔نارزری نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ان قبائلی خواتین کی قانونی حیثیت کے بارے میں وضاحت کی جائے جو غیر قبائلی افراد سے شادی کے بعد طلاق یافتہ ہو جاتی ہیں، اور یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ یو سی سی نافذ ہونے کے بعد بھی درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے تحفظ سے متعلق موجودہ قوانین برقرار رہیں۔