آسام نے 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے آدھار کارڈ جاری کرنے پر پابندی لگا دی: ہمنتا سرما
گوہاٹی
آسام کی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے آدھار کارڈ کے اجرا پر پابندی عائد کی جائے گی، تاہم درج فہرست قبائل (ایس ٹی)، درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور چائے باغان سے وابستہ برادریوں کے افراد کو مارچ 2027 تک آدھار کارڈ جاری کیے جاتے رہیں گے۔ یہ بات آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما نے ہفتہ کو کہی۔ریاستی کابینہ کی بریفنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آسام کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے کسی بھی شخص کو آدھار کارڈ جاری نہیں کیا جائے گا۔ تاہم ایس ٹی، ایس سی اور چائے باغان برادری کے افراد کو مارچ 2027 تک آدھار کارڈ ملتا رہے گا۔‘وزیر اعلیٰ نے ایک بڑے شہری ترقیاتی منصوبے کے بارے میں بھی معلومات دی۔
ہیمنتا بسوا سرما نے کہا کہ آسام کابینہ نے گوہاٹی میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ایم ڈی اے) کے دائرۂ کار میں ایک گوہاٹی سیٹلائٹ سٹی کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے۔دریں اثنا، جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ سرما نے قومی دارالحکومت میں نیتی آیوگ کی جانب سے شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں ’’جغرافیائی مساوات‘‘ پر مبنی ایک نئے ترقیاتی فریم ورک کی وکالت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وکست ہندوستان 2047 کے سفر میں صرف اقتصادی ترقی کو بڑھانے پر ہی نہیں بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنانے پر توجہ دینی ہوگی کہ ترقی کے ثمرات ملک کے ہر خطے تک پہنچیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان کی تبدیلی کے پہلے مرحلے کا مقصد ترقی کی رفتار کو تیز کرنا تھا، جبکہ اگلے مرحلے میں ترقی کے جغرافیے کو وسیع کرنے پر توجہ دی جانی چاہیے تاکہ تمام خطے ترقی سے پیدا ہونے والے مواقع سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا سکیں۔
سرما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شمال مشرقی خطہ قومی مباحثے کے حاشیے سے نکل کر پالیسی سازی کے مرکز تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے رابطہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، امن اقدامات اور ’’ایکٹ ایسٹ پالیسی‘‘ کے نفاذ میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے خطے کی تزویراتی اہمیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق، ان کوششوں نے اقتصادی توسیع اور شمال مشرقی خطے کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ مزید مضبوطی سے جوڑنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
آسام کی حالیہ پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے سرما نے کہا کہ ریاست میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے اور مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس، قابلِ تجدید توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔