کاچار / آواز دی وائس
آسام پولیس نے کاچار ضلع میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 21,600 غیر قانونی کھانسی کے سیرپ کی بوتلیں برآمد اور ضبط کر لی ہیں، جن کی مالیت تقریباً 2.16 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں دو افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔کچار ضلع کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نُمل مہتا نے بتایا کہ قابلِ اعتماد خفیہ اطلاع کی بنیاد پر جمعرات کو کچار پولیس نے سلچر تھانے کے دائرہ اختیار میں آنے والے رونگپور علاقے میں نشہ آور ادویات کی غیر قانونی ترسیل کے خلاف ایک خصوصی آپریشن چلایا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم نے مدھورا پوائنٹ، رونگپور پر ایک مشتبہ ٹرک کو روکا، جس کا رجسٹریشن نمبر ڈبلیو بی -29بی-1996 ہے۔ یہ کولکاتہ سے لومڈِنگ–سلچر روڈ کے راستے تریپورہ جا رہا تھا۔ تلاشی کے دوران ٹرک سے 36 آہنی ڈرم برآمد کیے گئے، جن میں ہر ایک میں چار کارٹون تھے، اور ہر کارٹون میں کھانسی کے سیرپ کی 150 بوتلیں تھیں۔ اس طرح کل 21,600 بوتلیں برآمد ہوئیں۔
ایس ایس پی نُمل مہتا نے مزید بتایا کہ اس معاملے میں دو افراد باپی ہالدر (45 سال) اور تاپش بسواس (42 سال)، دونوں مغربی بنگال کے رہائشی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ضبطی کی کارروائی آزاد گواہوں کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔ سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ضبط شدہ نشہ آور مواد کی کالی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 2.16 کروڑ روپے ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ غیر قانونی سامان مغربی بنگال سے لایا جا رہا تھا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے بھی اس کارروائی کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے ریاستی پولیس کی "منشیات کے خلاف سخت اقدامات اور واضح پیغام" پر تعریف کی۔
انہوں نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ کاچار پولیس نے قابلِ اعتماد خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی کو رونگپور میں روکا، جو ایک ہمسایہ ریاست سے آ رہی تھی، اور اس سے 21,600 کھانسی کے شربت کی بوتلیں برآمد کیں جن کی مالیت 2.16 کروڑ روپے ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مدھیہ پردیش میں آلودہ کھانسی کے سیرپ پینے سے 22 بچوں کی موت کے معاملے پر تنازعہ جاری ہے۔