آسام:اقلیتوں کے لئے'اقلیتی سرٹیفکیٹ' جاری کرنے کافیصلہ، اپوزیشن کی مخالفت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 30-05-2022
آسام:اقلیتوں کے لئے'اقلیتی سرٹیفکیٹ' جاری کرنے کافیصلہ، اپوزیشن کی مخالفت
آسام:اقلیتوں کے لئے'اقلیتی سرٹیفکیٹ' جاری کرنے کافیصلہ، اپوزیشن کی مخالفت

 

 

نئی دہلی: مذہبی اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کی ایک اہم کوشش میں، آسام میں ہیمنتا بسوا سرما حکومت نے مذہبی برادریوں کے تمام اراکین کو "اقلیتی سرٹیفکیٹ" جاری کرنے کا ایک نیا خیال پیش کیا ہے۔

اتوار کی شام سرما کابینہ کی طرف سے لیا گیا فیصلہ چھ مذہبی اقلیتی گروہوں پر لاگو ہوتا ہے: مسلمان، سکھ، عیسائی، بدھسٹ، جین اور پارسی۔ تاہم اس اقدام کا مقصد براہ راست مسلمانوں کے لیے ہے جو سرحدی ریاست کی آبادی کا 34.22 فیصد ہیں۔

اس کے علاوہ، آسام، ملک میں مسلمانوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی ہے، پہلا جموں اور کشمیر ہے۔ ریاست میں مسلم آبادی کی شرح نمو بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر صحت کیشو مہانتا نے کہا کہ حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں حقیقی اقلیتوں کو سرکاری اسکیموں اور دیگر سہولیات کا فائدہ ملے۔

آسام کے اقلیتی امور کے محکمہ جس نے اس اقدام کی سفارش کی تھی، نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ محکمہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ اقلیتوں کو سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اقدام ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔

اس فیصلے سے اقلیتی برادری کے صحیح ارکان کی شناخت میں مدد ملے گی۔ یہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ صرف حقیقی اقلیتیں ہی سرکاری فوائد تک رسائی حاصل کر سکیں گی۔"

اس سے قبل، دیگر کمیونٹیز کے بہت سے لوگوں نے اقلیتوں کے لیے بنائے گئے اسکیموں کے تحت فوائد حاصل کرنے کے لیے اپنی شناخت جعلی بنائی تھی۔ سرٹیفکیٹ کے اجراء سے یہ رواج ختم ہو جائے گا۔

آسام اقلیتی ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین حبیب محمد چودھری نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا: "یہ ہمنتا بسوا سرما کی حکومت کی طرف سے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ ہم نے تجویز کیا تھا کہ اس طرح کے اقدام کی ضرورت ہے تاکہ آسام میں اقلیتوں کو وہ فوائد مل سکیں جو ان کے لیے مخصوص ہیں،‘‘۔

انہوں نے کہا، ’’ہمارے پاس اقلیتوں کی ترقی اور ان کے لیے مختلف اسکیموں کے لیے ایک الگ بورڈ ہے۔ لیکن یہ پہچاننے کا کوئی طریقہ نہیں تھا کہ اقلیت کون ہے؟ اب ان کے پاس سرٹیفکیٹ ہوں گے اور وہ سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔‘‘

بورڈ حکام نے کہا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ آسام میں صرف مسلمان ہی اقلیتی برادری میں ہیں لیکن حکومت کے فیصلے سے یہ تاثر بدل جائے گا اور مسلمانوں، جینیوں، سکھوں، عیسائیوں، پارسیوں اور بدھوں کو بھی اس سلسلے میں مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔

۔ 2011 کی مردم شماری کے مطابق آسام کی مذہب کے لحاظ سے آبادی میں ہندو 61.47%، مسلمان 34.22%، عیسائی 3.74%، سکھ 0.07%، بدھسٹ 0.18%، اور جین 0.08% ہیں۔

آسام اقلیتی ترقیاتی بورڈ کے مطابق اس وقت ریاست میں چھ کمیونٹیز سے 16 ملین لوگ تعلق رکھتے ہیں۔ تاہم، کانگریس نے اس اقدام کی مخالفت کی اور الزام لگایا کہ 'یہ حکمراں پارٹی کے تفرقہ انگیز ایجنڈے کا حصہ ہے۔

آسام کانگریس کے صدر بھوپین کمار بورہ نے کہاکہ "یہ بی جے پی کے تفرقہ انگیز ایجنڈے کو آگے بڑھائے گا۔ یہ مختلف اقلیتی برادریوں میں تقسیم پیدا کرے گا اور حکمران پارٹی کے معاشرے میں مزید دراڑیں پیدا کرنے کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں مدد کرے گا،"۔

آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے آرگنائزنگ سکریٹری محمد امین الاسلام نے کہا کہ ریاست کو اقلیتوں کو علیحدہ شناختی دستاویزات فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور انہیں شبہ ہے کہ حکمراں بی جے پی کا اس فیصلے کے پیچھے ’’تقسیم کاایجنڈا‘‘ ہوسکتا ہے۔